شمالی کوریا نے 1948 کے بعد پہلی بار قومی پرچم کا سائز تبدیل کردیا

شمالی کوریا نے 1948 کے بعد پہلی بار قومی پرچم کا سائز تبدیل کردیا

پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے اپنے قیام کے بعد پہلی مرتبہ قومی پرچم کے سائز اور اونچائی و چوڑائی کے تناسب میں تبدیلی کردی ہے۔

 نئی آئینی ترمیم کے تحت قومی پرچم کی اونچائی اور چوڑائی کا تناسب ایک اور 1.65 مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اس سے قبل یہ تناسب ایک اور 2 تھا۔شمالی کوریا کے سرکاری پروپیگنڈا ویب پورٹل ’نینارا‘ پر شائع ہونے والے نئے آئین میں قومی پرچم کے تناسب میں تبدیلی کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ نئے آئین کے آرٹیکل 166 میں پرچم کی اونچائی اور چوڑائی کے تناسب کو تبدیل کیا گیا ہے۔اس تبدیلی کے نتیجے میں شمالی کوریا کا قومی پرچم پہلے کے مقابلے میں نسبتاً کم لمبا اور زیادہ چوڑا دکھائی دے گا۔ یہ تبدیلی ملک کے قیام 1948 کے بعد قومی پرچم کے تناسب میں پہلی ترمیم قرار دی جارہی ہے۔

تاہم پرچم کے بنیادی ڈیزائن، رنگوں اور علامتی ساخت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ قومی پرچم کے درمیان بدستور سرخ رنگ کی چوڑی پٹی موجود ہے، جس کے اوپر اور نیچے سفید رنگ کی باریک پٹیاں جبکہ دونوں جانب نیلے رنگ کی پٹیاں برقرار رکھی گئی ہیں۔شمالی کوریا کے نئے آئین میں اس تبدیلی کی تفصیلات تو جاری کردی گئی ہیں، تاہم فراہم کردہ رپورٹ میں پرچم کے تناسب میں تبدیلی کی وجوہات یا اس فیصلے کے پس منظر سے متعلق کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی۔