تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی فضائیہ کے کمانڈر کے مشیر بریگیڈیئر جنرل علی بلالی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی ماہرین نے ’ہرُمز‘ (Hormuz) نامی نیا میزائل تیار کیا ہے، جو دشمن کے ریڈار سسٹم سے خارج ہونے والے برقی مقناطیسی سگنلز کی نشاندہی کرکے ان کے منبع کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق بریگیڈیئر جنرل علی بلالی نے بتایا کہ ایران کے دفاعی ماہرین میدانِ جنگ کی بدلتی ہوئی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف اقسام کے جدید میزائل تیار کرنے پر کام کر رہے ہیں۔ ان منصوبوں میں ہرُمز میزائل بھی شامل ہے، جسے خصوصی طور پر دشمن کے ریڈار نظام کے خلاف استعمال کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔علی بلالی کے مطابق یہ میزائل دشمن کے ریڈار سے خارج ہونے والی برقی مقناطیسی لہروں اور سگنلز کو شناخت کرکے ان کی سمت کا تعین کرسکتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے میزائل ریڈار سگنلز کے منبع تک رہنمائی حاصل کرتے ہوئے متعلقہ تنصیب کو نشانہ بنا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے میزائل کی تیاری جدید جنگی حکمت عملی میں اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ ریڈار نظام فضائی دفاع کا بنیادی حصہ ہوتے ہیں اور ان کے ذریعے طیاروں، میزائلوں اور دیگر فضائی اہداف کی نگرانی کی جاتی ہے۔
ایسے نظام کو نشانہ بنانے کی صلاحیت دفاعی تنصیبات کی کارکردگی متاثر کرنے کے لیے استعمال کی جاسکتی ہے۔بریگیڈیئر جنرل علی بلالی کا کہنا تھا کہ ایرانی ماہرین کی جانب سے اس نوعیت کی ٹیکنالوجی پر کام ایران کی میزائل صنعت میں ہونے والی پیش رفت کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کے مطابق ایرانی دفاعی صنعت اب میدانِ جنگ کی ضروریات کے مطابق نئے ہتھیاروں کے ڈیزائن اور تیاری پر توجہ دے رہی ہے۔دفاعی اصطلاح میں ریڈار سے خارج ہونے والے سگنلز کی شناخت کرکے ان کے منبع کو نشانہ بنانے والے میزائلوں کو عموماً اینٹی ریڈی ایشن میزائل کہا جاتا ہے۔ یہ میزائل ریڈار کی برقی مقناطیسی لہروں کا سراغ لگانے کے اصول پر کام کرتے ہیں۔