سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ڈاکٹر نسیم اشرف نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کا دورہ کیا اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ترقیاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو کو شاندار کارنامہ قرار دیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق چیئرمین پی سی بی ڈاکٹر نسیم اشرف نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور ایل سی سی اے گراؤنڈ میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو اور تکمیل قابل تحسین اقدام ہے۔ محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو کا شاندار کام کیا ہے اور اب یہ دنیا کے بہترین کرکٹ اسٹیڈیمز میں شامل ہے۔ڈاکٹر نسیم اشرف کا کہنا تھا کہ نئے قذافی اسٹیڈیم میں تماشائیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جبکہ عالمی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیمز کی موجودگی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بڑے ایونٹس کی میزبانی کے لیے انتہائی اہم ہے۔انہوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور ایل سی سی اے گراؤنڈ میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کو بھی متاثر کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایل سی سی اے گراؤنڈ میں مختلف ممالک کی کنڈیشنز کے مطابق 20 پچز کی تیاری ایک اہم پیشرفت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز کے مطابق تیار کردہ پچز پر پریکٹس کرنے سے پاکستانی بیٹرز کو بیرون ملک دوروں کے دوران فائدہ ہوگا اور وہ مختلف پچز اور موسمی حالات سے بہتر انداز میں ہم آہنگ ہوسکیں گے۔سابق چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی مکمل عالمی معیار کے ہائی پرفارمنس سینٹر کی شکل اختیار کر رہی ہے۔ عاقب جاوید کی نگرانی میں کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں نکھار لانے اور ان کی ترقی کے لیے درست سمت میں کام کیا جا رہا ہے۔ڈاکٹر نسیم اشرف کے مطابق پاکستان کرکٹ کی ترقی کے لیے پالیسیوں کا تسلسل اور انتظامی استحکام ناگزیر ہے۔ اگر موجودہ نظام تسلسل کے ساتھ برقرار رہا تو مستقبل میں پاکستان کرکٹ ایک نئے روپ میں نظر آئے گی۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لیے جدید کرکٹ گراؤنڈز اور کلب کرکٹ کی سہولیات میں مزید اضافے کی ضرورت ہے تاکہ نچلی سطح سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لایا جاسکے۔