چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے علی الصبح قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف فلورز اور ہاسپیٹلٹی باکسز کے فنشنگ ورک کا معائنہ کیا۔
انہوں نے باکسز کے سامنے لگائی گئی ریلنگ کے معیار کا جائزہ لیا اور باکسز کے باہر لگائی گئی نشستوں پر بیٹھ کر گراؤنڈ کا منظر بھی دیکھا۔ محسن نقوی نے فلورز کے فنشنگ ورک کا معیار چیک کیا اور اسے برق رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم تکمیل کے قریب ہے، اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف 7 فروری کو اس کا افتتاح کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے میچز دیکھنے والے شائقین نئے اسٹیڈیم کی جدید سہولتوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد نے فنشنگ ورک پر پیش رفت کے حوالے سے محسن نقوی کو بریفنگ دی۔ واضح رہے کہ صرف 110 روز میں 99 فیصد اسٹیڈیم کا کام مکمل ہونے پر قذافی اسٹیڈیم نے دنیائے کرکٹ کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔