عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی کمی

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی کمی

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی کمی کا رجحان برقرار ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کی بحری ناکہ بندی جاری رکھنے کے اعلان اور مشرق وسطیٰ میں بڑے پیمانے پر نئی جنگ کے امکانات کم ہونے کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں پر دباؤ دیکھا جا رہا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعہ 13 نومبر کو عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت ایک سینٹ کی معمولی کمی کے بعد 95.41 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت 20 سینٹ یعنی 0.25 فیصد کمی کے بعد 88.52 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت رواں ہفتے مجموعی طور پر 2.4 فیصد جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 2.5 فیصد کم ہونے کی جانب گامزن ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے بھی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جس کے دوران برینٹ خام تیل 16 فیصد اور ڈبلیو ٹی آئی 13 فیصد سستا ہوا تھا۔تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کی ایک اہم وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران سے متعلق تازہ مؤقف قرار دیا جا رہا ہے۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ جنگ کے خاتمے کے لیے ایران کے ساتھ معاہدہ ضروری نہیں، جس سے یہ اشارہ ملا کہ امریکا ایران کے خلاف اقتصادی پابندیاں اور ایرانی تیل کی ترسیل پر ناکہ بندی برقرار رکھ سکتا ہے۔

دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کو بدستور خطرات لاحق ہیں۔ آبنائے ہرمز، جو دنیا کے اہم ترین تیل بردار سمندری راستوں میں شمار ہوتی ہے، کی صورتحال غیر یقینی ہے۔ اس اہم گزرگاہ میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ عالمی منڈی میں تیل کی سپلائی اور قیمتوں کو متاثر کر سکتی ہے۔رائٹرز کے مطابق ایران کی فوج نے جمعرات کو دعویٰ کیا کہ وارننگ نظرانداز کرنے پر آبنائے ہرمز میں چار آئل ٹینکروں کو دھماکوں کا نشانہ بنایا گیا، تاہم ان دعوؤں کی فوری طور پر آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔اسی روز یمن کے ایران نواز حوثی گروپ نے بھی سعودی عرب میں ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن کے ایک پمپنگ اسٹیشن، بحیرہ احمر کے ساحلی شہر ینبع میں تیل کی تنصیب اور دارالحکومت ریاض میں سعودی آرامکو کی ایک عمارت پر حملوں کا دعویٰ کیا۔