عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز اضافہ

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز اضافہ

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں منگل کو مسلسل دوسرے روز اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

 مشرقِ وسطیٰ میں جاری امریکہ اور ایران کے تنازع کے باعث تیل کی سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں کے خدشات نے خطے سے خام تیل کی برآمدات میں بحالی کے آثار کو پیچھے چھوڑ دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1.49 ڈالر، یعنی 1.4 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد فی بیرل قیمت 106.90 ڈالر تک پہنچ گئی۔ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت بھی 1.34 ڈالر، یعنی 1.5 فیصد بڑھ کر 94 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔KCM Trade کے چیف تجزیہ کار ٹم واٹرر کے مطابق خلیجی خطے سے تیل کی برآمدات میں اضافے کے واضح آثار سامنے آ رہے ہیں، تاہم اس اضافے کا بڑا حصہ شپ ٹو شپ منتقلی جیسے متبادل طریقوں پر انحصار کر رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ طریقے معمول کی ترسیل کے مقابلے میں زیادہ مہنگے اور کم مؤثر ہیں، جس کے باعث خام تیل کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں۔دوسری جانب ڈیٹا فراہم کرنے والے ادارے Kpler کے ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کے بڑے تیل پیدا کرنے والے ممالک سے ستمبر میں خام تیل کی برآمدات بڑھ کر 12.8 ملین بیرل یومیہ ہوگئیں، جو فروری کے بعد بلند ترین سطح ہے۔اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے اضافی ترسیلات نے خطے سے خام تیل کی مجموعی برآمدات میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا۔