عالمی کمپنی کیساتھ چاغی میں سونے اور تانبے کی تلاش کا معاہدہ طے پا گیا

آئیون ہو مائنز اور ماڑی منرلز بلوچستان میں معدنی ذخائر کی تلاش اور استعداد کا جائزہ لیں گی:وزیرپٹرولیم
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان کے معدنی شعبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں بلوچستان کے ضلع چاغی میں تانبے اور سونے کے ذخائر کی تلاش کے لیے عالمی کمپنی آئیون ہو مائنز اور ماڑی منرلز کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔ معاہدے کے تحت دونوں کمپنیاں علاقے میں معدنی ذخائر کی تلاش اور معدنی وسائل کی استعداد کا جائزہ لیں گی، جبکہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے موقع پر متعدد عالمی سرمایہ کاری اور کان کنی کمپنیوں نے بھی پاکستان کے معدنی منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے آئیون ہو مائنز اور ماڑی منرلز کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے جوڑنے کا اہم پلیٹ فارم ہے۔وفاقی وزیر پٹرولیم سے بیرک کارپوریشن کے چیئرمین جان تھورنٹن اور کمپنی کی سینئر قیادت نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر جان تھورنٹن نے کہا کہ پاکستان آنا ہمیشہ خوشی کا باعث ہوتا ہے۔