تصور حسین شہزاد
فرانس میں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ ہے کہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ مظاہرین میں نسل نوء جسے ’’جین زی‘‘ بھی کہتے ہیں، پیش پیش ہیں۔ ان مظاہروں کو فرانسیسی حکومت بظاہر تو مہنگائی اور تعلیمی سہولیات میسر نہ ہونے کیخلاف قرار دیتی ہے تاہم مظاہرین کا فلسطین اور حزب اللہ لبنان کے پرچم تھامے مظاہروں میں شرکت کوئی اور پیغام دیتی ہے۔ دراصل ایسا لگتا ہے کہ فرانس کے عوام غزہ میں اسرائیلی مظالم کیخلاف فرانس کی حمایت کیخلاف سراپا احتجاج ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ فرانس کی حکومت اپنے ملک میں ہونیوالے مظاہرے کنٹرول کرنے میں ناکام ہونے پر سارا ملبہ ایران پر ڈال رہی ہے۔ فرانسیسی وزارت خارجہ نے الزام عائد کیا کہ ایران اس سے قبل بھی فرانس کیخلاف عدم استحکام پیدا کرنے والی متعدد سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔ ان میں 2023 میں ہفت روزہ میگزین چارلی ایبڈو کیخلاف مبینہ سائبر سرگرمیاں اور پیرس 2024 اولمپکس اور پیرالمپکس کی تنظیم کے خلاف کارروائیاں بھی شامل ہیں۔ فرانس کے مطابق مارچ 2026 میں یورپی یونین نے ایرانی ادارے ’’ایمینٹ پاسارگاد‘‘ پر بھی پابندیاں عائد کی تھیں، جس پر ان سائبر حملوں میں معاونت کا الزام تھا۔ فرانس کے تازہ الزامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب پیرس اور تہران کے درمیان مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور ایران کی علاقائی پالیسیوں پر پہلے ہی کشیدگی پائی جاتی ہے۔ فرانس نے پہلی مرتبہ اپنے ملک میں بڑے پیمانے پر سائبر تخریب کاری کی مہم کا براہ راست الزام ایران پر عائد کرتے ہوئے سفارتی احتجاج، مزید یورپی پابندیوں اور ممکنہ جوابی اقدامات کا عندیہ دیا ہے۔ تاہم یہ تمام الزامات فرانسیسی حکومت کے سرکاری بیان پر مبنی ہیں۔ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایکس پر اپنے بیان میں سائبر حملوں کے الزامات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فرانسیسی حکومت اپنے عوام کی شکایات دور کرنا تو درکنار، ریفریجریشن سسٹم تک سنبھالنے میں ناکام ہے اور اپنی ناکامیوں کا ملبہ دوسروں پر ڈال رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’جی ہاں، ایران ایک طاقتور ملک ہے، لیکن فرانس کے برعکس ہم غزہ میں قتل عام کی حمایت یا سکولوں اور ہسپتالوں پر بمباری کے ذریعے اپنی طاقت کا مظاہرہ نہیں کرتے‘‘۔ فرانس کی جانب سے ایرانی سائبر یونٹ پر700 سے زائد سپر مارکیٹس کے ریفریجریشن سسٹمز پر سائبر حملوں کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ فرانسیسی وزارت خارجہ نے ان حملوں کا ذمہ دار ایران کو قرار دیتے ہوئے ایرانی سفیر کو طلب کرنے، یورپی اتحادیوں کیساتھ مزید پابندیوں کی تجویز دینے اور مناسب جوابی اقدامات کا حق محفوظ رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ واضح رہے کہ فرانسیسی وزارت خارجہ نے حملوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے فرانس میں تعینات ایرانی سفیر کو طلب کرنے اور یورپی اتحادیوں کے ساتھ مل کر ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی تجویز دینے کا اعلان کیا ہے۔ فرانسیسی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے 9 نومبر 2026 کو جاری بیان کے مطابق 11 اور12 اکتوبر کی درمیانی شب فرانس میں 700 سے زائد ریٹیل اسٹورز اور سپر مارکیٹس کے ریفریجریشن سسٹمز کو سائبر حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ ان حملوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر مالی اور مادی نقصان ہوا، متعدد مقامات پر آگ بھڑک اٹھی جبکہ اشیا ء خورونوش بھی خراب ہوگئیں۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق ضائع ہونیوالی خوراک اور دیگر نقصانات کی مالیت کروڑوں یورو تک پہنچتی ہے۔ فرانسیسی وزارت خارجہ نے الزام عائد کیا ہے کہ تحقیقات کے بعد ان سائبر حملوں کی ذمہ داری ایران پر عائد ہوتی ہے۔ بیان کے مطابق یہ کارروائیاں ’’شاہد کاوہ‘‘ نامی ایک جارحانہ سائبر یونٹ نے انجام دیں، جسے ایرانی پاسداران انقلاب کی الیکٹرانک وارفیئر اینڈ سائبر ڈیفنس آرگنائزیشن سے منسلک قرار دیا گیا ہے۔ فرانس نے اس یونٹ کو اپنے اہم قومی انفرااسٹرکچر کیلئے مسلسل خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حملے فرانسیسی عوام کی سلامتی اور قومی مفادات پر براہ راست حملہ ہیں۔ فرانسیسی وزارت خارجہ کے مطابق حملوں کا پیمانہ اور شدت غیر معمولی تھی اور فرانس کی سرزمین پر تخریب کاری کے مقصد سے کی جانیوالی یہ پہلی بڑی جارحانہ سائبر مہم تھی۔ فرانس نے کہا ہے کہ وہ اپنی 2026 کی قومی سائبر سکیورٹی حکمت عملی کے تحت سائبر حملوں کی روک تھام اور جواب دینے کیلئے تمام دستیاب ذرائع استعمال کرے گا۔ اس سلسلے میں فرانس یورپی یونین اور دیگر بین الاقوامی اتحادیوں کے ساتھ مل کر سائبر حملوں میں ملوث ایرانی اداروں اور افراد کے خلاف مزید پابندیاں عائد کرنے کی تجویز پیش کرے گا۔ فرانسیسی وزارت خارجہ نے اعلان کیا کہ ایران کے سفیر کو طلب کرکے ان حملوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ فرانس سائبر حملوں کے جواب میں ضروری اور متناسب اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے، ان اقدامات میں اعلانیہ اور خفیہ دونوں نوعیت کی کارروائیاں شامل ہوسکتی ہیں۔ ادھر ایران کی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں فرانسیسی حکومت کی جانب سے تہران پر الزام تراشی کی فرسودہ پالیسی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہیکہ "ایران کیخلاف تازہ الزامات، جو پہلے سے لگائے جانیوالے الزامات کا ہی ایک تسلسل ہے، دراصل ایران اور مغربی ایشیا کے خطے کے حوالے سے عالمی رائے عامہ کی توجہ فرانس کی اپنی تباہ کن پالیسیوں سے ہٹانے کی ایک کوشش ہے۔ بیان میں فرانس کی جانب سے دہشتگرد گروہوں کی میزبانی اور نسل کشی کرنیوالی صیہونی حکومت کی غیرمشروط حمایت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ الزامات انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور مضحکہ خیز ہیں، اور ان کا مقصد ایران کی ساکھ کو نقصان پہچانا اور دیگر اقوام کیساتھ اس کے تعلقات پر اثر انداز ہونا ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گ?ا ہے کہ فرانس کی جانب سے بے بنیاد الزام تراشی کا مقصد بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑانے والے امریکہ اور صیہونی حکومت کی خوشنودی حاصل کرنا ہے۔ ایرانی خبر رساں ادارے ’’ارنا‘‘ کے مطابق، فرانس میں ریٹیل چینز پر ہونے والے سائبر حملوں کے بعد فرانسیسی وزیر خارجہ اور فرانسیسی پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر نے گزشتہ روز بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے ان حملوں میں اسلامی جمہوریہ ایران ملوث ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ جبکہ ایران کا ان حملوں کیساتھ کوئی تعلق نہیں۔