ذریلی ترقی

سردار حیدر احمد علی 
لاہور کی صبح کبھی ایک خوبصورت تجربہ ہوا کرتی تھی۔ سردیوں کی نرم دھوپ، نہر کے کنارے درختوں سے گرتے پتے، مال روڈ کی تاریخی عمارتیں، ناشتے کی دکانوں سے اٹھتی خوشبو اور چائے کے کپ پر ہونے والی سیاسی گفتگو۔ لاہور صرف ایک شہر نہیں تھا، ایک تہذیب تھا، ایک مزاج تھا، ایک طرزِ زندگی تھا۔
مگر اب لاہور کی صبح کا منظر بدل چکا ہے۔ سورج نکلتا ہے لیکن دکھائی نہیں دیتا، عمارتیں موجود ہیں لیکن نظروں سے اوجھل ہیں، سڑکیں آباد ہیں لیکن فضا میں ایک انجانا خوف ہے۔ لوگ گھروں سے نکلنے سے پہلے موسم نہیں بلکہ ایئر کوالٹی انڈیکس دیکھتے ہیں۔بات صرف جذبات کی نہیں، اعداد و شمار بھی ایک پریشان کن تصویر پیش کرتے ہیں۔
پاکستان ایئر کوالٹی انیشی ایٹو (PAQI) کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں 2024 کے دوران عالمی ادارہ صحت (WHO) کے معیار کے مطابق ایک دن بھی صاف ہوا کا دن نہیں تھا۔ اسی سال 218 دن پنجاب کے ماحولیاتی معیار پر بھی پورے نہیں اترے۔ بڑھتی ہے تو ایک دلچسپ بحث شروع ہو جاتی ہے۔ کوئی بھارت کو ذمہ دار قرار دیتا ہے، کوئی کسانوں کو، کوئی فیکٹریوں کو اور کوئی گاڑیوں کے دھوئیں کو۔
گویا ہم سب کو ایک دوسرے پر الزام لگانے کا موقع مل جاتا ہے، مگر اپنے حصے کی ذمہ داری قبول کرنے کے لیے کوئی تیار نہیں ہوتا۔
حقیقت یہ ہے کہ سموگ کسی ایک سبب سے پیدا نہیں ہوتی۔ یہ مختلف ذرائع سے خارج ہونے والی آلودگی، موسمی حالات اور فضائی گردش کے باہمی اثرات کا نتیجہ ہے۔
لاہور کے آسمان پر چھائی دھند میں گاڑیوں کا دھواں بھی شامل ہے، صنعتی اخراج بھی، اینٹوں کے بھٹوں سے نکلنے والا دھواں بھی، فصلوں کی باقیات جلانے کا اثر بھی اور تعمیراتی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی گرد بھی۔اربن یونٹ پنجاب کی 2023 کی اخراجی رپورٹ کے مطابق لاہور میں مختلف شعبوں کے مجموعی اخراج میں ٹرانسپورٹ کا حصہ تقریباً 83 فیصد تھا۔ یہ تخمینہ 2021 کے ایندھن کے استعمال اور دیگر ترقیاتی اعداد و شمار کی بنیاد پر تیار کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ یہ مجموعی اخراج کا تخمینہ ہے، صرف PM2.5 کا نہیں۔۔۔
مگر ہر مرتبہ لاہور کی آلودگی کا سارا الزام سرحد پار ڈال دینا بھی سائنسی طور پر درست نہیں۔
نومبر 2026 میں PAQI کی تحقیق نے دیوالی کے بعد لاہور میں آلودگی بڑھنے کو بھارتی آتش بازی سے منسوب کرنے کے دعوے پر سوالات اٹھائے۔ تحقیق کے مطابق دستیاب فضائی راستوں اور مختلف شہروں میں آلودگی کے اضافے کا پیٹرن اس دعوے کی واضح تائید نہیں کرتا تھا۔

اس تحقیق نے یہ بھی واضح کیا کہ حتمی نتیجے کے لیے فضائی ذرات کی کیمیائی جانچ ضروری ہے۔ 
اس کا مطلب یہ نہیں کہ سرحد پار آلودگی کا کوئی کردار نہیں، بلکہ یہ کہ ہمیں جذباتی بیانیے کے بجائے سائنسی شواہد پر بات کرنی چاہیے۔
ہمیں یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ اگر ہوا کا رخ بھارت سے پاکستان کی طرف ہو سکتا ہے تو لاہور کے اندر پیدا ہونے والا دھواں بھی اسی شہر کے شہریوں کو متاثر کرتا ہے۔

تاریخ میں بڑے بڑے منصوبوں کے افتتاح یاد نہیں رکھے جاتے، اگر ان کے سائے میں شہری سانس لینے سے محروم ہو جائیں۔
لاہور کو مزید فلائی اوورز سے پہلے صاف ہوا، مزید نعروں سے پہلے عملی اقدامات اور مزید وعدوں سے پہلے قابلِ پیمائش نتائج درکار ہیں۔
آخر میں بات صرف اتنی ہے: ہمیں اپنے بچوں کے لیے صرف ایک بہتر پاکستان نہیں، ایک ایسا پاکستان بھی چھوڑنا ہے جہاں انہیں سانس لینے کے لیے کسی فلٹر، کسی ماسک اور کسی حکومتی اجازت کی ضرورت نہ پڑے۔
کیونکہ جس شہر کی فضا میں زندگی گھٹنے لگے، وہاں ترقی کے تمام دعوے بھی دھندلا جاتے ہیں۔