شہری اب ڈیجیٹل دستخط کے ذریعے زمینوں کی رجسٹری آن لائن کر سکیں گے‘غیر قانونی منتقلی پر سزاہوگی
لاہور(زیڈ این این ) حکومت نے رجسٹریشن ایکٹ 1908 میں ترمیم کر کے ای رجسٹریشن سسٹم نافذ کر دیا ہے، جس کے تحت شہری اپنی زمینوں اور دیگر دستاویزات کو ڈیجیٹل دستخط کے ذریعے رجسٹر کرا سکیں گے۔اب زمینوں کی رجسٹری آن لائن پیش اور تصدیق ممکن ہو سکے گی، جبکہ جعلی اور فراڈ رجسٹریوں کی منسوخی کی شق بھی قانون میں شامل کر دی گئی ہے۔ نئے قوانین کے تحت سرکاری زمین کے غیر قانونی انتقال پر سخت سزائیں مقرر کی گئی ہیں، اور ہیکنگ یا غیرمجاز رسائی کی صورت میں پانچ سال قید کی سزا دی جا سکے گی۔اس اقدام کے تحت پرانے اور غیر ضروری قوانین ختم کر دیے گئے ہیں، جبکہ بورڈ آف ریونیو کو رجسٹری دفاتر پر مکمل اختیار حاصل ہوگا اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سب رجسٹرار کا متبادل ہوگا۔