کیڈٹ کالج سانگھڑ میں 28ویں سالانہ یوم والدین تقریب

نیول چیف کی شرکت ،مہمان خصوصی کی آمد پر چاق و چوبند دستے نے گارڈآف آنر پیش کیا 
 مہمان خصوصی نے کیڈٹس کی طرف سے پیش کی گئی سائنس، آرٹس اور ثقافتی نمائش کا  مشاہدہ کیا
کراچی(آئی این پی)  کیڈٹ کالج سانگھڑ (سی سی ایس) میں  28ویں یوم والدین کی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ مہمان خصوصی کی آمد پر کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی اور گارڈ آف آنر پیش کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے کیڈٹس کو بہترین تربیتی سہولیات فراہم کرنے اور بورڈ کے سالانہ نتائج میں کیڈٹس کی جانب سے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے پر فیکلٹی اور انتظامیہ کی کاوشوں  کی تعریف کی۔ انہوں نے ادارے کی ترقی اور فلاح کے لیے حکومت سندھ کی مسلسل معاونت کو سراہا۔ مہمان خصوصی نے کیڈٹ کالج سانگھڑ میں اعلیٰ تعلیمی معیار اور کردار سازی کو یقینی بنانے کے لیے ہیڈکوارٹر کمکار کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ مہمان خصوصی نے کیڈٹس کی طرف سے پیش کی گئی سائنس، آرٹس اور ثقافتی نمائش کا بھی مشاہدہ کیا اور ان کی کاوشوں اور محنت کو سراہا۔تقریب میں اعلیٰ سول و فوجی حکام، بورڈ آف گورنرز کے ارکان اور کیڈٹس کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔