کوئی ایک رکن بتائے کس نے آئین کو پڑھا ہو، یا یہ جانتا ہو آئین میں عدلیہ اور مقننہ کا کردار کیا ہے؟وزیراطلاعات کا چیلنج
یہ لوگ ویڈیوز بنا کر فیض احمد فیض کے اشعار وائرل کرتے، مگر قوم اور جمہوریت کے حقیقی تقاضوں سے ناواقف ہیں:اسمبلی سے خطاب
اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا اداروں کی تضحیک کرنے والے کس منہ سے گفتگو کر رہے ہیں؟ جب اداروں پر انگلی اٹھائی جاتی ہے تو دل دکھتا ہے۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ اپوزیشن کے ارکان صرف ہیڈ لائنز کے چکر میں اسمبلی کے فلور کا استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے چیلنج دیا کہ کوئی ایک رکن بتائے کہ اس نے آئین کو پڑھا ہو، یا یہ جانتا ہو کہ آئین میں عدلیہ اور مقننہ کا کردار کیا ہے؟''انہوں نے اپوزیشن کے طرزِ عمل پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ویڈیوز بنا کر صرف فیض احمد فیض کے چند اشعار وائرل کرتے ہیں، مگر قوم اور جمہوریت کے حقیقی تقاضوں سے ناواقف ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ میثاقِ جمہوریت کے لیے گزشتہ تیس سال سے کام جاری ہے، مگر کچھ لوگ ذاتی مفاد کی سیاست سے باہر نہیں نکل سکے۔وانا میں حالیہ کامیاب آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وانا میں 500 سے زائد کیڈٹس کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا ہے، مگر کیا کسی پی ٹی آئی رہنما نے اس پر مذمتی بیان دیا؟''انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کو چاہیے کہ وہ اپنی محدود یادداشت سے باہر نکلیں۔