اس ایوان میں مذاکرات کرکے اپنے اوپر ظلم کا حساب چاہتے ہیں‘ مذاکرات کیلئے کمیٹی بنائی ہے اسے کمزوری نہ سمجھا جائے‘احتجاج میں لوگ غیر مسلح تھے:چیئرمین پی ٹی آئی
پی ٹی آئی کی پوری قیادت سانحہ 9 مئی میں ملوث ہے‘ ثبو ت موجود ہیں‘تحریک انتشار گولی چلنے کا جھوٹا بیانیہ بنا رہی ہے، ثبوت سامنے کیوں نہیں لاتے: وفاقی وزیراطلاعات
اسلام آباد (آئی این پی‘آن لائن )چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے پارلیمنٹ ہمیں مذاکرات کے ذریعے راستہ فراہم کرے، اب 9 مئی کی دھول بیٹھنی چاہئے، ہمارے لوگوں کے ساتھ زیادتی ہوئی اور گولیاں چلائی گئیں، ہمیں دوبارہ سڑکوں پر آنے پر مجبور نہ کریں۔بدھ کو قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا یہ جمہوریت کا حصہ ہے کہ عوام سڑکوں پر احتجاج کرتے ہیں، ہمارے لوگوں کے ساتھ زیادتی ہوئی، ان پر گولیاں چلائی گئیں، دنیا میں کہیں بھی پرامن مظاہرین پر گولیاں نہیں چلیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے مظاہرین میں کسی کے پاس کوئی اسلحہ نہیں تھا، اگر فائرنگ ہوئی ہے تو اس کی ذمہ داری تو عائد ہونی چاہیے۔ہمیں دوبارہ سڑکوں پر آنے پر مجبور نہ کریں یہ ایوان ہمیں انصاف دے۔انہوں نے کہا ہم اس ایوان میں مذاکرات کرکے اپنے اوپر ہونے والے ظلم کا حساب چاہتے ہیں، ہم اس ایوان سے مذاکرات کے ذریعے راستہ چاہتے ہیں، ہم نے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنائی ہے اسے کمزوری نہ سمجھا جائے، اگر ہمیں مذاکرات سے راستہ نہ دیا گیا تو پھر سے سڑکوں پر آئیں گے، ہمیں بار بار سڑکوں پر آنے پر مجبور نہ کیا جائے، وزیر دفاع نے عجیب منطق دی کہ گولی علی امین گنڈاپور کے گارڈز نے چلائی، یہ عجیب بات ہے کہ حکومت یہ ماننے کو تیار نہیں کہ گولی بھی چلی‘دریں اثناء وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے 9 مئی کو دھول اڑانے والے آج دھول بٹھانے کی باتیں کر رہے ہیں،، تحریک انصاف کی پوری قیادت سانحہ 9 مئی میں ملوث ہے۔ تحریک انتشار گولی چلنے کا جھوٹا بیانیہ بنا رہی ہے،گولی چلی ہے تو ثبوت سامنے کیوں نہیں لاتے؟موقع سے بھاگنے والے بہانے بنا رہے ہیں۔ بیرسٹر گوہر کے بیان پر ردعمل میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا غلیلوں، بنٹوں، پتھروں، سٹن گنز اور آتشیں اسلحہ سے لیس شرپسندوں نے 26 نومبر کو وفاق پر چڑھائی کی، پولیس اور رینجرز کے جوانوں کو شہید اور زخمی کیا، اس نقصان کا مداوا کون کرے گا؟ شہید جوانوں کا خون کس کے ہاتھوں پر تلاش کریں، تحریک انصاف کے پاس گولی چلنے کا کوئی ایک ثبوت ہے تو سامنے لائے، پرتشدد سیاست اور پرتشدد احتجاج پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا اپنے اوپر اٹھنے والے سوالات کا جواب دیں، الزامات لگا کر ان سے منہ مت پھیریں، سانحہ 9 مئی کے تمام ثبوت موجود ہیں