دنیا کو درپیش غیر یقینی حالات، تنازعات اور ماحولیاتی بحرانوں کے دور میں پارلیمان کو رہنمائی کا کردار ادا کرنا ہوگا:سپیکرز کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد ( آن لائن) چیئرمین سینیٹ و بانی چیئرمین انٹرپارلیمانی سپیکرز کانفرنس سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے پاکستان عالمی سطح پر امن و ترقی کے فروغ کے لیے متحرک کردار ادا کر رہا ہے۔ دنیا کو درپیش غیر یقینی حالات، تنازعات اور ماحولیاتی بحرانوں کے دور میں پارلیمان کو رہنمائی کا کردار ادا کرنا ہوگا۔امن، سلامتی اور ترقی ایک دوسرے کے بغیر نامکمل ہیں، اور اب وقت آگیا ہے کہ عالمی پارلیمانیں مکالمے اور تعاون کو اپنی پالیسیوں کا محور بنائیں۔بین الاقوامی سپیکرز کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ تاریخی اجتماع دنیا بھر کے پارلیمانی رہنماؤں کی یکجہتی، عزم اور تعاون کی علامت ہے۔ انہوں نے مہمانِ خصوصی وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں محمد شہباز شریف، قومی و صوبائی قیادت، غیر ملکی معزز مہمانوں، اسپیکرز، گورنرز، وزرائے اعلیٰ اور عالمی مندوبین کو خوش آمدید کہا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت نہ صرف پارلیمان کے ادارے کے احترام کی علامت ہے بلکہ یہ پاکستان کے اس عزم کی عکاسی بھی ہے جو مکالمے، تعاون اور کثیرالجہتی روابط کے فروغ سے متعلق ہے۔ سرحدوں اور نظریات سے بالاتر ایک ایسا پیغام ہے جو پوری انسانیت کے لیے رہنمائی فراہم کرتا ہے