ویب ڈیسک:بھارتی بھتہ خور سوکیش چندر شیکھر نے اپنی محبوبہ اور معروف بھارتی اداکارہ جیکولین فرنینڈس کے لیے لاس اینجلس میں ایک فلم اور شوز کے پروڈکشن اسٹوڈیو میں 135 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کی ہے۔ سوکیش نے اس فیصلے کو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نصیحت سے متاثر قرار دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، سوکیش چندر شیکھر نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک خط میں حالیہ صدارتی انتخابات میں کامیابی کی مبارک باد دی ہے اور انہیں اپنا "بڑا بھائی" قرار دیا ہے۔ اس نے ٹرمپ کے ساتھ اپنی ایک دہائی پرانی ملاقات کا ذکر کیا جس میں ٹرمپ نے اسے مشورہ دیا تھا کہ یا تو دنیا کو اسی طرح قبول کر لو جیسے وہ ہے، یا اسے اپنے نظریے کے مطابق دیکھو۔ سوکیش کا کہنا ہے کہ یہ الفاظ آج بھی اس کی زندگی میں گونجتے ہیں۔سوکیش نے مزید لکھا کہ ٹرمپ کی نصیحت پر عمل کرتے ہوئے، وہ اپنی زندگی میں خواتین کا خاص خیال رکھتا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ اس نے جیکولین کے لیے لاس اینجلس میں ایک بڑا اسٹوڈیو خریدا ہے۔ سوکیش نے یہ بھی اعلان کیا کہ اس کی کمپنی ایل ایس ہولڈنگز آنے والے دو سال میں امریکا میں 500 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گی۔یہ خط اور سوکیش کا جیکولین کے لیے یہ تحفہ بھارتی میڈیا میں کافی توجہ حاصل کر رہا ہے۔