روپالی گنگولی نے سوتیلی بیٹی کایشا ورما کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کردیا

روپالی گنگولی نے سوتیلی بیٹی کایشا ورما کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کردیا

ویب ڈیسک:بھارتی اداکارہ اور ٹی وی سیریل انوپما کی مشہور اداکارہ، 47 سالہ روپالی گنگولی نے اپنی 26 سالہ سوتیلی بیٹی، کایشا ورما کے خلاف 50 کروڑ روپے کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے۔

 یہ دعویٰ کایشا ورما کی جانب سے روپالی کے خلاف سوشل میڈیا پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگانے پر کیا گیا ہے۔کایشا ورما، جو اس وقت امریکا میں مقیم ہیں، نے ٹوئٹر، انسٹاگرام، اور فیس بک پر اپنے پوسٹس اور تبصروں کے ذریعے روپالی گنگولی کے خلاف الزامات عائد کیے تھے۔ روپالی کی قانونی ٹیم کی قیادت ثناء رئیس خان ایڈووکیٹ کر رہی ہیں، جن کا کہنا ہے کہ یہ الزامات نہ صرف جھوٹے ہیں بلکہ ان سے روپالی کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔روپالی گنگولی کے وکیل کا کہنا ہے کہ اس الزامات کے نتیجے میں روپالی کو ذہنی صدمہ پہنچا، جس کی وجہ سے انہیں طبی امداد کی ضرورت پڑی۔ ساتھ ہی ان کے پیشہ ورانہ کام میں بھی مشکلات پیش آئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ روپالی نے ابتدائی طور پر خاموش رہنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم ان کے شوہر اشون ورما اور 11 سالہ بیٹے کی جانب سے قانونی کارروائی کی درخواست پر انہوں نے قانونی نوٹس جاری کیا۔

روپالی گنگولی نے اپنے نوٹس میں کہا ہے کہ وہ اور اشون ورما نے 12 سال پہلے شادی کرنے سے قبل کایشا ورما کے کیریئر کی مدد کی تھی، اور دونوں نے مل کر کایشا کا کیریئر شروع کرنے میں کردار ادا کیا۔یاد رہے کہ کایشا ورما نے ایک انٹرویو میں اپنی سگی ماں پر ممبئی میں روپالی گنگولی کے جسمانی حملے کا الزام عائد کیا تھا اور کہا کہ روپالی نے ان کی والدہ کے ساتھ بدسلوکی کی۔ کایشا کا یہ بھی کہنا تھا کہ روپالی نے ان کے والد کی شادی کو توڑا اور اس کے خاندان کو نقصان پہنچایا۔اس معاملے میں قانونی کارروائی کا آغاز ہو چکا ہے اور روپالی گنگولی نے کایشا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے الزامات پر فوری طور پر عوامی معافی مانگیں، ورنہ ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔