بھارتی کرکٹر یوزویندر چہل اور اہلیہ دھناشری ورما کے درمیان طلاق کی درخواست میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔
ممبئی ہائی کورٹ نے بدھ کو کرکٹر اور ان کی اہلیہ کی درخواست پر 6 ماہ کی کولنگ آف پیریڈ کو ختم کر دیا۔ عدالت نے فیملی کورٹ کو حکم دیا کہ وہ طلاق کی درخواست پر جمعرات تک فیصلہ سنائے۔یوزویندر چہل اور دھناشری ورما نے 5 فروری کو باہمی رضامندی سے طلاق کی درخواست دائر کی تھی اور درخواست میں 6 ماہ کی پابندی ختم کرنے کی درخواست کی تھی۔ فیملی کورٹ نے 20 فروری کو ان کی درخواست مسترد کر دی تھی، جس کے بعد دونوں نے ہائی کورٹ میں اپیل کی۔
ہائی کورٹ کے جسٹس مادھو جمدار نے اس فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ یوزویندر چہل 21 مارچ کے بعد آئی پی ایل کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے، اس لیے فیملی کورٹ کو جلد از جلد درخواست پر فیصلہ سنانا چاہیے۔چہل انڈین پریمئیر لیگ میں پنجاب کنگز کی نمائندگی کریں گے۔ دوسری جانب، چہل کی اہلیہ دھناشری ورما سے طلاق کی خبروں کے بیچ چہل کو اپنی دوست آر جے مہوش کے ساتھ دیکھا گیا تھا، جس پر ڈیٹنگ کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں، تاہم مہوش نے ان خبروں کی تردید کی ہے۔