اسموگ؛ پنجاب بھر میں 15 نومبر کو "نماز استسقاء" ادا کی جائے گی

اسموگ؛ پنجاب بھر میں 15 نومبر کو

لاہور:پنجاب میں 15 نومبر کو "نماز استسقاء" ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمہ اوقاف کی جانب سے جمعے کو صوبہ بھر میں اس نماز کا اہتمام کیا جائے گا۔ نماز استسقاء کو اجتماعی توبہ استغفار اور بارانِ رحمت کی طلب کے طور پر ادا کیا جاتا ہے۔محکمہ اوقاف کے مطابق، اس وقت پنجاب میں بارش کی شدید ضرورت ہے تاکہ اسموگ کے اثرات کم ہو سکیں۔ حالیہ دنوں میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید دھند اور اسموگ نے نظام زندگی متاثر کیا ہے، جس سے فضائی معیار انتہائی مضر صحت ہوگیا ہے۔ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، مگر لاہور اور گردو نواح میں بارش کے امکانات کم ہیں۔ استسقاء نماز کا مقصد بارش کی طلب ہے، جو خشک سالی اور بارش نہ ہونے کی صورت میں ادا کی جاتی ہے۔ اس نماز سے پہلے، افراد کو گناہوں کا اعتراف کر کے اللہ تعالی سے معافی مانگنی چاہیے۔