وزارت مذہبی امور نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر آج جمعہ کے روز ملک بھر میں نماز استسقاء کا اہتمام کرنے کے لیے ایک سرکلر جاری کیا ہے۔
اس نماز کا مقصد ملک میں جاری خشک سالی سے متعلق مسائل کے حل کے لیے دعا کرنا ہے۔سرکلر میں کہا گیا ہے کہ نماز استسقاء جامعہ مسجد داتا دربار، بادشاہی مسجد اور جامعہ مسجد دالگراں چوک سمیت محکمہ اوقاف پنجاب کے زیرانتظام سینکڑوں مساجد میں ادا کی جائے گی۔ مزید برآں، وفاقی اور صوبائی سطح پر بھی نماز استسقاء کا اہتمام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اور تمام چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے سیکرٹری اوقاف کو بھی اس حوالے سے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ترجمان وزارت مذہبی امور نے مزید کہا کہ ملک میں خشک سالی کی وجہ سے صحت کے مسائل اور سموگ کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے، اور اس صورتحال میں عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ مسنون صلاۃ الاستسقاء ادا کریں اور اللہ سے بارش کی دعا کریں تاکہ ملک میں رحمت کا نزول ہو۔