لاہور ، فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، ملتان میں مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرانے کیلئے ٹیمیں تشکیل

سموگ : آئوٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی 
 آئوٹ ڈور کھیلیں ، نمائشیں ،تقریبات ،آئوٹ ڈور ڈائننگ نہیں ہوسکے گی،مذہبی اجتماعات مستثنٰی ، ملتان آلودگی میں سر فہرست رہا ،41ایمرجنسی اینٹی سموگ سکواڈ تشکیل ،دھواں چھوڑنے والے موٹرسائیکل بھی بند کرنے کا حکم 
لاہور ( کرائم رپورٹر)پنجاب میں سموگ کی خراب صورتحال کے پیش نظر حکومت نے اینٹی سموگ ایکشن پلان کے تحت مزید پابندیاں عائد کردی ہیں جبکہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر دھواں چھوڑنے والی ہیوی ٹریفک اور موٹرسائیکلوں کیخلاف بڑے کریک ڈائون کی تیاری کرتے ہوئے سی ٹی او لاہور نے 41 ایمرجنسی اینٹی سموگ سکواڈز تشکیل دے دئیے۔،لاہور ، فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، ملتان میں مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرانے کیلئے ٹیمیں تشکیل ،حکومت پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 11 سے 17 نومبر تک آئوٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی عائد رہے گی، پابندی کا اطلاق ضلع لاہور، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ پر ہو گا۔ ہر قسم کے آئوٹ ڈور کھیلوں، نمائشوں اور تقریبات پر پابندی ہوگی، ریسٹورنٹس کی آئوٹ ڈور ڈائننگ پر بھی پابندی عائد ہو گی تاہم مذہبی اجتماعات مستثنیٰ ہوں گے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گے تاہم میڈیکل سٹورز، لیبارٹریز،پٹرول پمپس اور کریانہ سٹورز مستثنیٰ ہوں گے۔ بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز میں صرف گروسری اور میڈیکل سیکشن کھلے رہیں گے۔پٹرول پمپس، تندور، بیکریاں، دودھ اورمٹھائی کی دکانیں، سبزی،فروٹ شاپس، چکن،گوشت کی دکانیں، ای کامرس،پوسٹل،کورئیر سروسز،یوٹیلٹی سروسز بھی کھلے رہیں گے۔ شادی ہالز ہال میں تقریبات کو پرانے اوقات کی مکمل پابندی کے ساتھ جاری رکھا جاسکے گا ،ریسٹورنٹ میں کھانے کا وقت رات گیارہ بجے تک کا ہو گا۔ تحصیل کی سطح پر ٹاسک فورسز کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جو ان احکامات پر عملدرآمد کروانے کی ذمہ دار ہو گی۔ خلاف ورزی پر پنجاب انوائرمنٹل پروٹیکشن ایکٹ کے تحت کارروائی ہو گی، احکامات کی خلاف ورزی پر دفعہ 188 کے تحت سزا دی جائے گی۔ ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کا باعث بننے والی گاڑیوں کے خلاف بڑے کریک ڈائون کیلئے 41 اینٹی سموگ سکواڈ تشکیل دے دیئے جو مختلف علاقوں میں ناکہ بندی کریں گے۔ لاہور شہر میں 12 جگہوں پر ناکے بھی قائم کئے جائیں گے۔سی ٹی او کے مطابق اینٹی سموگ سکواڈز صرف اور صرف دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف کارروائی کریں گے اور اینٹی سموگ سکواڈز کے ساتھ ایک ایک بڑا ٹرک بھی ہوگا، دھواں چھوڑنے والی موٹرسائیکلوں کو ٹرک میں لوڈ کرکے قریبی تھانوں میں بند کروایا جائے گا اور بیان حلفی اور کاغذات بھی لئے جائیں گے،درستگی تک گاڑیاں نہیں چھوڑی جائے گی۔سی ٹی او عمارہ اطہر کے مطابق تینوں شفٹوں میں اکتالیس، اکتالیس ٹیمیں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف کارروائی کریں گی۔لاہورمیں گزشتہ روز سموگ کی اوسط شرح 453 تک جا پہنچی ، ڈی ایچ اے کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 636 ریکارڈ کیا گیا۔امریکن قونصلیٹ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 471، سید مراتب علی روڈ پر611 ، عسکری ٹین میں 452 تک جا پہنچا۔ لاہور ایئرپورٹ رن وے پرحدنگاہ 350میٹرریکارڈ کی گئی،جس سے متعدد ملکی و غیر ملکی فلائٹ آپریشن متاثر ہوئیں۔کئی پروازیں ری شیڈول کردی گئیں، لاہور ایئرپورٹ پر ملکی و غیر ملکی 14پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ ایک پرواز منسوخ کی گئی۔دھند اور سموگ کے باعث گزشتہ روز موٹر ویز کو مختلف مقامات پر بند کر دیا گیا، ایم ون پشاور سے رشکئی، ایم ٹو بھیرہ سے کوٹ مومن، ایم تھری لاہور سے درخانہ، ایم فور پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم، ایم فائیو ملتان سے سکھر تک ٹریفک کیلئے بند رہی۔ لاہور کے بعد ملتان، پشاور، اسلام آباد اور راولپنڈی بھی سموگ کی لپیٹ میں آ گئے ہیں ، ملتان پیر کو فضائی آلودگی میں سر فہرست رہا ،جہاں اے کیو آئی950 ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس560 تک جا پہنچا ، پشاور کا اے کیو آئی 597، اسلام آباد کا254 اور راولپنڈی کا 284 کو چھو گیا۔