آج سے مارکیٹیں رات 8 بجے بند

میرج ہالز، مارکیز اور گھروں میں شادی بیاہ کی تقریبات رات 10 بجے تک ہونگی ،وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ
اسلام آباد(بیورو رپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی حکومت نے پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان ، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بازار، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ،مارکیز اور گھروں میں شادی بیاہ کی تقریبات رات 10 بجے تک ہونگی، تاہم خیبر پختونخوا کے ڈویڑنل ہیڈکوارٹرز میں بازار، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 9 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہو گی،فیصلوں کا آج سے پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر پر یکساں طور پراطلاق ہوگا ،لیکن سندھ میں مارکیٹوں اور دیگر اوقات کار پرعملدرآمد کیلئے مشاورت کا عمل جاری ہے۔وزیراعظم آفس کے جاری اعلامیہ کے مطابق پیر کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پٹرولیم مصنوعات ، توانائی کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ کے حوالیسے منعقدہ اہم جائزہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک میں روزمرہ کے استعمال کی اشیاء کی دکانیں، ڈیپارٹمنٹل سٹورز اور ہر قسم کے مالز رات 8 بجے بند ہوں گے تاہم بیکریاں، ریسٹورنٹ، تندور اور کھانے پینے کی دیگر دکانیں رات 10بجے بند کر دی جائیں گی۔میرج ہالز، مارکیز اور دیگر کمرشل جگہیں جہاں شادیوں کی تقریبات منعقد ہوتی ہیں وہ بھی رات 10 بجے کے بعد بند رہیں گی۔ نجی پراپرٹیز اور گھروں میں بھی شادی بیاہ کی تقریبات 10 بجے رات کے بعد منعقد کرنے پر پابندی ہو گی۔میڈیکل سٹورز اور فارمیسیز کے اوقات کار ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کا اطلاق آج7 اپریل سے ہوگا۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسر موجود تھے۔علاوہ ازیں اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبہ سندھ میں مارکیٹس اور دیگر اوقات کار کے حوالے سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی مد میں دی گئی سبسڈی ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے منتقل کرنے کا عمل جاری ہے، 1 لاکھ ٹرانزیکشن ہو چکی ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ وزرائے اعلیٰ پنجاب، خیبرپختونخوا ،بلوچستان، گلگت بلتستان اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے قومی اہمیت کے ان اہم معاملات میں اتفاق رائے سے فیصلہ کیا،سندھ حکومت کی سٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے،امید ہے وزیر اعلیٰ سندھ بھی اس حوالے سے جلد مشاورت کا عمل مکمل کرنے کے بعد اس فیصلے میں شامل ہو جائیں گے۔گلگت شہر اور مظفرآباد شہر میں انٹراسٹی پبلک ٹرانسپورٹ ایک ماہ کیلئے مفت ہو گی،تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔