سموگ ہمارے طرز عمل کا نتیجہ ، ایمرجنسی کے طور پر لینا ضروری ہے:احسن اقبال

رویوں کو نہ بدلا تو سموگ اور فضائی آلودگی کے سبب صحت و معیشت پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے، وفاقی وزیر  
اسلام آباد (آن لائن)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے سموگ کے اسباب اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سموگ ہمارے طرز عمل کا نتیجہ ہے، جسے اب ایک ایمرجنسی کے طور پر لینا ضروری ہے۔ اگر ہم نے اپنے رویوں کو نہ بدلا تو سموگ اور فضائی آلودگی کے سبب صحت اور معیشت پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بڑھتی ہوئی سموگ اور فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس  سے  خطاب کرتے ہوے کہا کہ اگر ہم نے اپنے رویوں کو نہ بدلا تو سموگ اور فضائی آلودگی کے سبب صحت اور معیشت پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔ اس سے نہ صرف عوام کی صحت متاثر ہوگی بل کہ ملک کی جی ڈی پی کی شرح میں بھی کمی کا خدشہ ہے۔وفاقی وزیر نے زور دیا کہ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر یکجا ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔حکومت کے فائیو۔ای پلان میں ماحولیات کو خاص اہمیت دی گئی ہے، جس کے تحت مختلف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ ہمارے پاس علم کی کمی نہیں، بل کہ اصل مسئلہ عمل درآمد کے فقدان کا ہے، اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے۔