آبادی میں تیزی سے اضافہ قومی ایمرجنسی ‘ خطرناک رجحان کو ہر صورت روکنا ہوگا احسن اقبال

 این ایف سی ایوارڈ کو ترقی کے اشاریوں سے منسلک کرنے کی ضرورت ہے ، آبادی پر قابو پانا  نئی نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے  ناگزیر ہے
وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مشترکہ حکمت عملی اور اجتماعی کوششیں اپنانا ہوں گی:وفاقی وزیر کا نیشنل پاپولیشن کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب
اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے  ملک میں آبادی میں تیزی سے اضافہ ایک قومی ایمرجنسی کی صورت اختیار کر چکا ہے ، اس خطرناک رجحان کو ہر صورت روکنا ہوگا‘انہوں نے نیشنل پاپولیشن کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1980 کے بعد آبادی میں اضافے کی شرح کم ہو کر 2.4 فیصد تک آ گئی تھی، تاہم 2023 کی مردم شماری میں یہ شرح دوبارہ بڑھ کر 2.55 فیصد تک پہنچ گئی ہے جو انتہائی تشویشناک ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آبادی میں اضافے کے اس خطرناک رجحان کو ہر صورت روکنا ہوگا کیونکہ آبادی کے اعداد و شمار محض نمبر نہیں بلکہ قومی وسائل کے مستقبل سے جڑے ہوئے ہیں۔احسن اقبال نے معاشی اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ملکی ترقی کی شرح 5 فیصد ہو اور آبادی میں اضافہ 2.5 فیصد کی رفتار سے ہو تو حقیقی ترقی محض ڈھائی فیصد رہ جاتی ہے، اور اس صورتحال میں شہریوں کو تعلیم، صحت اور روزگار کی فراہمی انتہائی مشکل ہو جائے گی۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ قومی وسائل کی تقسیم کا 82 فیصد حصہ آبادی سے منسلک ہونا حوصلہ افزائی کے اصولوں کا تضاد ہے، اس لئے  این ایف سی ایوارڈ کو ترقی کے اشاریوں سے منسلک کرنے کی ضرورت ہے۔ ان  کہناتھا کہ  آبادی کا مسئلہ براہِ راست بچیوں کی تعلیم، خواتین کی معاشی خودمختاری اور سماجی شعور سے جڑا ہوا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آبادی پر قابو پانا ملکی معاشی سلامتی، ترقیاتی اہداف کے حصول اور نئی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے ناگزیر ہے، جس کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مشترکہ حکمت عملی اور اجتماعی کوششیں اپنانا ہوں گی۔