آبادی میں بے قابو اضافے پر قابو پانا قومی ایمرجنسی بن چکا ہے احسن اقبال

 آبادی کی تیز رفتاری تمام معاشی و معاشرتی اشاریوں  کو متاثر کر رہی ہے،  وقت آگیا ہے جامع منصوبہ بندی  کے ذریعے قابو میں لایا جائے
 آبادی پر مؤثر کنٹرول کے لئے وفاق اور صوبوں کے درمیان قریبی تعاون  اور پالیسی ہم آہنگی ناگزیر ہے:وفاقی وزیر کا اجلاس سے خطاب
اسلام آباد (آن لائن)  وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال  کی زیرِ صدارت آبادی میں اضافے پر قابو پانے سے متعلق وزیرِاعظم کی زیرِ ہدایت قائم کردہ اعلیٰ سطح کی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔احسن اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا  آبادی میں بے قابو اضافہ قومی ایمرجنسی کی شکل اختیار کر چکا ہے،  جس سے نمٹنے کے لیے ہمہ گیر اور مربوط ترقیاتی حکمتِ عملی  اختیار کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا آبادی پر مؤثر کنٹرول کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان قریبی تعاون  اور پالیسی ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آبادی میں اضافے کا تعلق صرف صحت کے شعبے سے نہیں، بلکہ  اس کے معاشی، سماجی اور تعلیمی محرکات  بھی ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ آبادی کی تیز رفتاری تمام معاشی و معاشرتی اشاریوں  کو متاثر کر رہی ہے، لہٰذا اب وقت آگیا ہے کہ آبادی کی شرح کو جامع منصوبہ بندی  کے ذریعے قابو میں لایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ  این ایف سی ایوارڈ میں آبادی کے تناسب کو بتدریج کم کیا جانا چاہیے اوروسائل کی تقسیم کو آبادی میں کمی کے ساتھ مشروط کرنا ضروری ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر عملی لائحہ عمل تیار کر رہی ہے۔