پارلیمان عوام کی آواز ، مسائل کو حل کرنے کے لیے قوانین بنانا ہماری ذمہ داری:سپیکر پنجاب اسمبلی

پنجاب اسمبلی کا کمیٹی سسٹم مختلف موضوعات پر گہری تحقیق اور مباحثے کو فروغ دیتا ہے، ملک محمد احمد خان کی طلباء سے ملاقات میں گفتگو 
لاہور (سپیشل رپورٹر) سپیکر ملک محمد احمد خان سے لاڈز لا کالج کے 40 رکنی وفد نے پنجاب اسمبلی میں ملاقات کی۔ اس دوران طلباء کو پنجاب اسمبلی کی کاروائی، کمیٹی سسٹم اور ایوان میں ہونے والی قانونی سازی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ سپیکرملک محمد احمد خان نے طلباء کو بتایا کہ پارلیمنٹ جمہوریت کا اہم ستون ہے اور قانون سازی کے عمل میں نوجوان نسل کا آگاہی حاصل کرنا ضروری ہے۔ پارلیمان عوام کی آواز ہے اور ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے قوانین بنائیں۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے مزید کہاکہ قانون سازی کا عمل نہایت شفاف اور منظم ہوتا ہے جس میں ہر رکن کی شمولیت کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے طلباء کو پنجاب اسمبلی کے کمیٹی سسٹم کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ یہ سسٹم مختلف موضوعات پر گہری تحقیق اور مباحثے کو فروغ دیتا ہے تاکہ بہترین قوانین بنائے جا سکیں۔