اسرائیلی فوج ٹینکوں کے ساتھ غزہ میں داخل ہوگئی ‘60فلسطینی شہید

 اسرائیل کی طیاروں سے بمباری ،غزہ میں اسرائیل کی سفاکیت اور بربریت کے باعث قحط کی صورتحال ختم نہ ہوسکی
 غزہ شہر میں آپریشن شروع کردیا ، ہمارے پاس معاہدے کیلئے چند دنوں یا ہفتوں کا وقت رہ گیا ہے،مارکو روبیو
غزہ (آئی این پی )اسرائیلی فوج نے غزہ شہر  کے کنٹرول کیلئے  آپریشن کا آغاز کردیا، شہر کے وسط میں زمینی کارروائی کے ساتھ ساتھ اسرائیل کی طیاروں سے بمباری بھی جاری ہے،تازہ حملوں میں  3 صحافیوں سمیت 60 فلسطینی شہید ہوگئے  ۔عرب میڈیا کے مطابق کئی ہفتوں سے جاری فضائی بمباری اور اونچی عمارتیں تباہ کرنے کے بعد اسرائیلی فوج بلآخر ٹینکوں کے ساتھ غزہ شہر کے وسط میں داخل ہوگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی طیاروں سے بمباری بھی جاری ہے اور غزہ شہر کے وسط میں زمینی کارروائی بھی جاری ہے جب کہ ہزاروں لوگوں غزہ شہر سے دوسرے علاقوں کی طرف نقل مکانی کررہے ہیں۔ادھر   غزہ میں اسرائیل کی سفاکیت اور بربریت کے باعث قحط کی صورتحال ختم نہ ہوسکی، جبری قحط سے 3 مزید فلسطینی جان کی بازی ہار گئے۔دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں سے 3 صحافیوں سمیت مزید 60 فلسطینی شہید ہوگئے ۔ادھر اسرائیل کے دورے پر موجود امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ شہر میں آپریشن شروع کردیا ہے اور اب ہمارے پاس معاہدے کے لیے صرف چند دنوں یا ہفتوں کا وقت رہ گیا ہے۔  دریں اثنا سرائیل کی جانب سے غزہ میں قحط نہ ہونے کا پروپیگنڈا کرنے کیلئے لاکھوں یورو خرچ کئے  جانے کا انکشاف ہوا ہے