وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ چیلنجز سے نمٹنے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت قابلِ تحسین ہے۔
انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹیڈیز میں “معرکۂ حق” سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت مسلط کی، جبکہ بھارت میں دہشت گردی کے واقعات ان کا داخلی معاملہ ہیں۔عطاء تارڑ کے مطابق مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں اور یہ ایک عالمی مسئلہ ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پہلگام واقعے کی تحقیقات کے بغیر پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے، جبکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پر الزامات لگانے والا ملک خود بیرون ملک دہشت گردی کے واقعات میں ملوث پایا گیا ہے، جبکہ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اس کی واضح مثال ہے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان کی سول اور عسکری قیادت میں مکمل ہم آہنگی ہے، اور “معرکۂ حق” کے دوران میڈیا اور نوجوانوں نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔