پاک فوج ہر خطرے سے نمٹنے کو تیار، آزادی و خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر

پاک فوج ہر خطرے سے نمٹنے کو تیار، آزادی و خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر

ویب ڈیسک: یومِ آزادی کے موقع پر پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے پیغام دیا ہے کہ مسلح افواج پاکستان اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاری پر مکمل اعتماد رکھتی ہیں اور سرحدوں کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی آزادی اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور ہر طرح کے خطرات—چاہے روایتی ہوں، غیر روایتی یا ہائبرڈ—سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے پیغام میں برصغیر کے مسلمانوں اور قیامِ پاکستان کے لیے قربانیاں دینے والے بزرگوں کو خراجِ تحسین پیش کیا، اور معرکۂ حق کے شہداء کی جرات، بہادری اور ایمانی جذبے کو سلام کیا۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی اقلیتیں آج بھی ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، جب کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بھاری جانی و مالی قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت جاری رکھے گا اور کشمیریوں کو حقِ خود ارادیت دینا ہی مسئلہ کشمیر کا واحد منصفانہ اور پائیدار حل ہے۔

 اسی طرح انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرے۔بھارت کے حالیہ اقدامات پر بات کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ بھارتی سرکار نے اپنی روایتی ہٹ دھرمی دکھاتے ہوئے پاکستان کی شہری آبادی پر حملہ کیا، جس کا جواب قوم کی حمایت سے افواجِ پاکستان نے آپریشن "بنیانِ مرصوص" کے ذریعے دیا، جو ملکی تاریخ میں بہادری اور عزم کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کی خواہاں ہے اور حالیہ پہلگام واقعے کی نہ صرف مذمت کی گئی بلکہ اس پر شفاف بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔