میران شاہ: چیف آف ڈیفنس فورسز و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور وطن عزیز کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میران شاہ آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کمانڈر پشاور کور نے کیا۔ دورے کے دوران انہیں علاقے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، سیکیورٹی چیلنجز اور دہشت گرد عناصر کے خلاف جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے علاقے میں تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاری اور ملکی دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔ انہوں نے جوانوں کی خدمات اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے ان کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خیبر پختونخوا پولیس کی بہادری، ثابت قدمی اور دہشت گردی کے خلاف دی جانے والی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے خیبر پختونخوا پولیس کو صفِ اول کی ایک بہادر فورس قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مؤثر باہمی تعاون کے ذریعے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کے دفاع، امن و سلامتی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور پیشہ ورانہ خدمات قابلِ قدر ہیں۔