پاکستانی شوبز انڈسٹری کے دو بڑے نام فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات ایک بار پھر بڑی اسکرین پر ایک ساتھ نظر آنے کے لیے تیار ہیں، جہاں ان کی نئی فلم ’’زومبائیڈ‘‘ کا آفیشل ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔
فلم کے ٹریلر کے مطابق یہ ایک ہارر، ایکشن اور رومانس سے بھرپور پروجیکٹ ہے، جس میں ایک زومبی سے متاثرہ دنیا دکھائی گئی ہے۔ فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات کو خطرناک حالات میں بقا کی جدوجہد کرتے، ایکشن سینز کرتے اور ساتھ ہی اپنی رومانوی کیمسٹری دکھاتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔یہ فلم تقریباً آٹھ سال بعد دونوں اداکاروں کی ایک ساتھ بڑی اسکرین پر واپسی قرار دی جا رہی ہے۔ ’’زومبائیڈ‘‘ کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
فلم کی ہدایت کاری نبیل قریشی نے کی ہے جبکہ اسے فضا علی میرزا اور نبیل قریشی نے پروڈیوس کیا ہے۔ ٹریلر جاری ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے فلم کو کافی پذیرائی مل رہی ہے اور اسے ایک منفرد تجربہ قرار دیا جا رہا ہے۔فلم کی ٹیم نے پروموشنل سرگرمیوں کا آغاز بھی کر دیا ہے تاکہ ریلیز سے قبل ناظرین میں مزید جوش و خروش پیدا کیا جا سکے۔