پاکستانی فلم انڈسٹری کے اداکار فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات ایک بار پھر 8 سال بعد بڑے پردے پر ایک ساتھ جلوہ گر ہونے جا رہے ہیں، اور اس بار دونوں عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی ہارر فلم “زومبیڈ” میں نظر آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق فلم کا پہلا رومانوی گانا “ذرا ذرا” حال ہی میں ریلیز کیا گیا ہے جسے گلوکار ثمر جعفری نے اپنی آواز دی ہے۔ گانے میں مہوش حیات اور فہد مصطفیٰ کی رومانوی کیمسٹری کو نمایاں کیا گیا ہے، جس نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی ہے۔فلم کی پروموشن کے دوران دونوں اداکاروں نے بھی اعتراف کیا ہے کہ “زومبیڈ” ان کی اب تک کی سب سے زیادہ رومانوی فلموں میں سے ایک ہے، جس میں ہارر اور رومانس کا منفرد امتزاج پیش کیا گیا ہے۔تاہم فلم کے رومانوی مناظر پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ کچھ صارفین نے ان مناظر کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے پاکستانی فلم انڈسٹری پر بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کی نقل کا الزام لگایا ہے۔
کچھ صارفین نے فلم کے انداز کو ترک ڈراموں سے متاثر قرار دیا، جبکہ بعض نے اداکاروں کی عمر اور اسکرین پر ان کی جوڑی پر طنزیہ تبصرے بھی کیے۔اس کے باوجود مداحوں کی ایک بڑی تعداد نے فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات کی آن اسکرین کیمسٹری کو سراہتے ہوئے فلم کے ہارر اور رومانوی امتزاج کو ایک دلچسپ اور نیا تجربہ قرار دیا ہے۔