ایران کے دارالحکومت تہران اور صوبہ مازندران کے سرحدی علاقے میں 4.6 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق زلزلہ پیما مراکز نے بتایا کہ زلزلے کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ بعض رپورٹس میں اسے 8 کلومیٹر بھی بتایا گیا ہے۔ کم گہرائی کی وجہ سے جھٹکے نسبتاً زیادہ شدت سے محسوس کیے گئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے باعث کسی جانی نقصان یا بڑے مالی نقصان کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ تاہم جھٹکوں کے بعد شہری گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے اور کھلے مقامات پر جمع ہو گئے۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق زلزلے کے فوراً بعد ریسکیو اور امدادی اداروں کو الرٹ کر دیا گیا اور متاثرہ علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور افواہوں سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔اب تک کی اطلاعات کے مطابق صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے، تاہم مقامی انتظامیہ علاقے کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ آفٹر شاک یا ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔