چلی کے ساحلی علاقے کے قریب ایک زلزلہ نے علاقے میں ہلچل مچا دی ہے، مگر خوش قسمتی سے کسی بڑے نقصان یا جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق، جی ایف زیڈ نے بتایا ہے کہ یہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 02:34 بجے ریکارڈ کیا گیا۔ادارے کے مطابق، زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی ہے اور اس کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر نوٹ کی گئی ہے۔ زلزلہ کا مرکز ابتدائی طور پر جنوبی عرض البلد 37.70 ڈگری اور مغربی طول البلد 73.19 ڈگری پر واقع تھا۔ ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی ہے، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔
زلزلہ کیوں آتا ہے؟
واضح رہے کہ زلزلہ دراصل زمین کی سطح کے نیچے موجود ٹیکٹونک پلیٹس کی حرکت کے باعث آتا ہے۔ جب یہ پلیٹس آپس میں ٹکراتی، ایک دوسرے کے نیچے سرکتی یا دور ہوتی ہیں، تو توانائی خارج ہوتی ہے، جس سے زمین میں ارتعاش پیدا ہوتا ہے۔ اسی عمل کو ٹیکٹونک پلیٹس کہا جاتا ہے۔ بعض اوقات، آتش فشانی سرگرمیاں بھی زلزلے کا سبب بن سکتی ہیں۔
مقامی حکام اور ماہرین کا کہنا ہے کہ ابھی صورتحال پر نظر رکھی جارہی ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچاؤ کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور مقامی ہدایات کی پیروی کریں۔