ڈرائیور نے ٹرین کوایمرجنسی بریک لگا کر روک لیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
پڈعیدن (خصوصی رپورٹ)لاکھاروڈ کے قریب کراچی جانے والی گرین لائن ایکسپریس کی پاور وین میں آگ لگ گئی، جس سے ٹرین ایک گھنٹہ کھڑی رہی، اور ٹریک بھی بلاک رہا۔ تفصیلات کے مطابق پڈعیدن ریلوے تھانہ کی حدود لاکھاروڈ ریلوے اسٹیشن کے قریب راولپنڈی سے کراچی جانے والی گرین لائن ایکسپریس کی پاور وین میں آچانک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس پر ڈرائیور نے فوری طور ٹرین کو روک دیا، اور ریسکیو ٹیم کو فوری طور پر طلب کر لیا گیا، تاہم امدادی ٹیم نے پہنچ کر آگ پر فوری قابو پایا، ریلوے انتظامیہ کے مطابق اندرون سندھ شدید گرمی کے باعث پاور وین میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، علاقے میں پارہ بھی 48 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، تاہم مرمتی کام کے بعد ٹرین کو اپنی منزل کی جانب روانہ کردیا گیا، شدید گرمی میں ٹرین لیٹ ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، واضح رہے کہ چند روز سے اندرون سندھ درجہ حرارت 47/48 چل رہا ہے جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔