ایران نے دشمنوں کو خبردار کر دیا، ہر حملے کا جواب ملے گا:ایران

ایران نے دشمنوں کو خبردار کر دیا، ہر حملے کا جواب ملے گا:ایران

ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں اور ایران کے خلاف جارحیت کرنے والوں کو سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے زور دیا کہ ایرانی قوم اپنے دفاع کیلئے متحد ہے اور کسی بھی دباؤ یا حملے کے سامنے جھکنے والی نہیں۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے تفصیلی بیان میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بربریت، جارحیت اور تسلط پسندانہ پالیسیوں کے خلاف ایران کا ساتھ دے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دنیا نے خاموشی اختیار کی تو طاقتور ممالک بین الاقوامی نظام کو لاقانونیت اور محکومی کی طرف دھکیل دیں گے۔ایرانی ترجمان نے امریکا اور اسرائیل پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ 28 فروری کو ایران پر مسلط کی گئی جنگ صرف وسائل یا جغرافیے کا تنازع نہیں بلکہ یہ مستقبل کے عالمی اصول و ضوابط کا تعین کرنے کی کوشش ہے۔ ان کے مطابق حملہ آور طاقتیں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر فخر کر رہی ہیں اور پرامن شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ایران کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ خواتین کے اسپورٹس ہالز سمیت مختلف شہری مقامات پر میزائل حملے کیے گئے تاکہ طاقت کا اظہار کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس ایرانی عوام اور سکیورٹی فورسز حتی الامکان بے گناہ جانوں کو بچانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

انہوں نے موجودہ صورتحال کو “جھوٹ پھیلانے والوں اور اپنے وطن کا دفاع کرنے والوں کے درمیان جنگ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے حالات میں خاموش رہنا بھی برائی کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔ اسماعیل بقائی کے مطابق ایران اپنے دفاع کے حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگا۔دوسری جانب یرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی جلد بھارت روانہ ہوں گے جہاں وہ برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اجلاس کے دوران خطے کی کشیدہ صورتحال، ایران پر دباؤ اور عالمی سفارتی روابط اہم موضوعات ہوں گے۔ایران کی جانب سے یہ سخت بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے اور امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان سفارتی و عسکری تناؤ عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔