جنگ میں پاکستان کی جیت ہوئی، بھارت کو لینے کے دینے پڑ گئے: شیری رحمٰن

جنگ میں پاکستان کی جیت ہوئی، بھارت کو لینے کے دینے پڑ گئے: شیری رحمٰن

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینیٹر شیری رحمٰن نے جنگی صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ "اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ جنگ میں پاکستان کی جیت ہوئی ہے، بھارت کو لینے کے دینے پڑ گئے ہیں۔

" انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو مبارکباد دیتی ہوں، ہم سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد ہیں۔انہوں نے وزیرِاعظم شہباز شریف کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ "بھارت کے کتنے طیارے گرے، یہ سب جانتے ہیں لیکن جب بھارتی افواج سے پوچھا گیا تو جواب نہیں دیا، بھارت حقائق پر پردہ ڈال رہا ہے۔"شیری رحمٰن نے کہا کہ بھارت نے جنگ میں بہت کچھ کھو دیا، مودی سرکار اپنی ناکامی چھپانے کے لیے مسلسل بیانات دے رہی ہے اور بھارتی میڈیا جھوٹے دعوے پھیلا کر شرمندگی کا شکار ہو رہا ہے، جبکہ پاکستانی میڈیا نے ذمہ دارانہ رویہ اپنایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کبھی جنگ کی پہل نہیں کی، نہ ہتھیار اٹھائے اور نہ طبلِ جنگ بجایا، یہ جنگ بھارت نے مسلط کی، اور پاکستان نے بھرپور جواب دے کر دشمن کو سبق سکھایا۔پی پی سینیٹر کا کہنا تھا کہ بھارت پہلگام حملے کو جواز بنا کر جنگ چھیڑنا چاہتا تھا، حالانکہ وہ واقعہ بھی مشکوک تھا، بھارت نے نہتے شہریوں پر اندھیرے میں حملہ کیا، مگر پاکستانی افواج نے تمام ڈرونز گرا کر ثابت کیا کہ ہم دفاع کرنا جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ "مودی سرکار پہلگام واقعے پر غیر جانبدارانہ تحقیقات سے بھاگ رہی ہے کیونکہ ان کے دل میں چور ہے۔ ہم اگر چاہیں تو جعفر ایکسپریس حملے کو بنیاد بنا کر جنگ چھیڑ سکتے تھے، مگر ہم نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔"شیری رحمٰن نے کہا کہ "ہم بات چیت پر یقین رکھتے ہیں لیکن اگر جنگ مسلط کی جائے تو جواب دینا جانتے ہیں۔ ہمارے شاہینوں نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔"انہوں نے پاک فوج کی قیادت کو سراہا اور کہا کہ بلاول بھٹو نے عالمی میڈیا پر پاکستان کی مؤثر نمائندگی کی، جبکہ سفارتی محاذ پر بھی اب سرگرمی تیز کرنے کی ضرورت ہے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی غیر قانونی معطلی اور پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا بھارت کا انتہائی خطرناک اقدام ہے، جسے عالمی سطح پر چیلنج کیا جانا چاہیے۔