جنید اکبر کو پی اے سی کی چیئرمین شپ سے ہٹا دیا گیا

 عمر ایوب نامزد ،دو عہدوں کی ذمہ داریوں پر فوکس نہیں کرسکتا، جنیداکبر
علیمہ خان پشاور ہائیکورٹ میں پیش ، 42 کیسز کی حفاظتی ضمانت منظور 
راولپنڈی( مانیٹرنگ ڈیسک )پی ٹی آئی نے عمران خان کے حکم پر جنید اکبر علی کو پبلک اکائونٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ سے ہٹادیا۔ ہٹائے جانے سے قبل علیمہ خان نے پارٹی قیادت کو عمران خان کا یہ پیغام پہنچایا جس پر پارٹی قیادت کے حکم پر جنید اکبر علی نے عہدہ چھوڑ دیا۔جنید اکبر علی نے عہد چھوڑنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو عہدوں کی وجہ سے ذمہ داریوں پر فوکس نہیں کرسکتا، مجھے کہا گیا ہے کہ پارٹی پر یعنی کے پی کی صدارت پر زیادہ فوکس کروں۔اس حوالے سے علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ عمر ایوب کو چیئرمین پی اے سی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔قبل ازیں بانی کی بہن علیمہ خان حفاظتی ضمانت کیلئے پشاور ہائی کورٹ آئیں ۔علیمہ خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی جو کہ جسٹس وقار احمد اور جسٹس فرخ جمشید کے روبرو ہوئی۔ عدالت نے علیمہ خان کو چار ہفتوں کی حفاظتی ضمانت دے دی۔وکیل درخواست گزار عالم خان نے کہا کہ جمعرات کے دن تک ان کے خلاف کیس نہیں تھا، جمعرات کے بعد 42 کیسز میں انہیں ضمنی طور پر شامل کیا گیا۔جسٹس وقار احمد نے کہا کہ آپ کو متعلقہ عدالت میں پیش ہونا چاہیے تھا اس پر وکیل نے کہا کہ 42 کیسز میں پیش ہونا مشکل ہے۔بعدازاں عدالت نے علیمہ کو 4 ہفتوں کی حفاظتی ضمانت دے دی۔