لاہور کے علاقے سندر میں گھریلو تنازعہ کے باعث ایک شوہر نے اپنی بیوی پر فائرنگ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا اور بعد ازاں خود بھی خودکشی کر لی۔
پولیس کے مطابق عثمان نامی شخص نے ایک سال قبل ایشاء نامی خاتون سے شادی کی تھی۔ عثمان نے گھریلو مسائل پر ایشاء پر چار گولیاں چلائیں، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی۔ بعد ازاں عثمان نے خود کو بھی گولی مار کر اپنی جان لے لی۔فائرنگ اور چیخ و پکار کی آواز سن کر محلہ داروں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی، جس میں ایس ایچ او سندر اسد اقبال، انچارج انویسٹی گیشن انسپکٹر پاشا عمران اور دیگر افسران شامل تھے۔
پولیس کے مطابق عثمان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ ایشاء کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے کیونکہ وہ زیادہ خون بہنے کی وجہ سے شدید زخمی ہوئی ہے۔ ایس ایچ او اسد اقبال کے مطابق جائے وقوعہ سے عثمان کا لائسنس یافتہ پستول برآمد کر لیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ پولیس نے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔