مناواں میں گھریلو ناچاقی کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں شوہر عبدالمجید نے فائرنگ کر کے اپنی بیوی ثمینہ کو ہلاک اور سالی نگینہ کو زخمی کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم عبدالمجید نے رنجش اور گھریلو مسائل کی شدت کے باعث فائرنگ کی، جس سے 40 سالہ ثمینہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی، جبکہ 50 سالہ نگینہ زخمی ہو گئی۔ پولیس اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور مقتولہ ثمینہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ مقتولہ کے بیٹے زین کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایس پی کینٹ اختر نواز کے مطابق زخمی خواتین کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ثمینہ زخموں کی وجہ سے انتقال کر گئی، جبکہ نگینہ کا علاج جاری ہے۔ ایس پی کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔