وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سبزی کی دکان پر اچانک دورہ، شہریوں سے ملاقات

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سبزی کی دکان پر اچانک دورہ، شہریوں سے ملاقات

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف لاہور ڈویلپمنٹ پلان پراجیکٹس کا معائنہ کرتے ہوئے اچانک ایک سبزی کی دکان پر پہنچ گئیں۔

 وزیراعلیٰ نے دکان پر موجود خاتون سے سبزیوں کے نرخ پوچھے اور پیاز، کریلے، آلو، گوبھی، اور گوار کی پھلیاں سمیت مختلف سبزیوں کے قیمتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر انہوں نے سبزی کے سرکاری نرخنامہ کو بھی چیک کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز کی آمد پر شہریوں نے ان کے قریب آ کر شکریہ ادا کیا اور اپنی دعاؤں سے نوازا۔ ایک شہری نے کہا، "اللہ تعالی آپ کو خوش رکھے، آپ پہلی وزیراعلیٰ ہیں جو ہماری گلیوں کی صفائی اور ترقی کے لیے آئی ہیں۔" شہریوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی گلیاں کئی سالوں سے ٹوٹی ہوئی تھیں اور گندگی کا شکار تھیں، مگر مریم نواز نے آ کر ان گلیوں کی تعمیر اور صفائی کا عمل شروع کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ وہ خود یہ دیکھنے آئی ہیں کہ گلیاں اور روڈز کیسے بنتی ہیں تاکہ عوام کی مشکلات کم ہو سکیں۔ شہریوں نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 40 سال بعد ان کی گلی کی حالت بدل گئی ہے، اور 15 دن پہلے شروع ہونے والے کام کی تکمیل آج ہو چکی ہے۔شہریوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور ان کے والد محمد نواز شریف کے لیے صحت و سلامتی کی دعا بھی کی۔