اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان میں آنے والے سیلابی نقصانات کی بڑی وجہ بھارت ہے، اس لیے عالمی برادری پاکستان کی حمایت کرے۔
اقوام متحدہ میں سندھ طاس معاہدے اور پاکستان کے آبی بحران کے مسائل پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے کہا کہ سیلاب کے باعث پاکستان میں فصلیں تباہ ہوئیں اور لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے، ایسے میں پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اس موقع پر پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا کیونکہ موجودہ دور میں واٹر سکیورٹی ایک بڑا چیلنج ہے۔
پاکستانی مندوب نے مزید کہا کہ بھارت کے اقدامات نے سندھ طاس معاہدے اور دیگر عالمی یقین دہانیوں کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے، حالانکہ بھارت اس معاہدے کے تحت پاکستان کے ساتھ پانی کے بہاؤ کا ڈیٹا شیئر کرنے کا پابند ہے۔