بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو سونو سود کی نئی فلم ’فتح‘ کا سنسنی اور تھرلر سے بھرپور ٹیزر جاری کر دیا گیا۔
یہ فلم نہ صرف ان کے ایکشن سے بھرپور کردار کو پیش کرتی ہے بلکہ سونو سود کے ہدایتکاری کے ڈیبیو کا بھی اعلان ہے۔فلم میں سونو سود مرکزی کردار "فتح" ادا کر رہے ہیں، جو پنجاب میں پرسکون زندگی گزارنے کی خواہش رکھتا ہے۔ تاہم، ایک مقامی لڑکی کے سائبر مافیا کے ہاتھوں لاپتہ ہونے کے بعد، فتح اپنے ماضی کی صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے انتقام کی راہ پر نکل پڑتا ہے اور پورے سائبر مافیا نیٹ ورک کو ختم کرنے کا عزم کرتا ہے۔
فلم کی کہانی سازشوں، سنسنی اور ایکشن سے بھرپور ہے، جبکہ جیکولین فرنینڈس اور نصیرالدین شاہ اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ جیکولین نے بھی ایکشن مناظر میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا ہے۔فلم کے ٹیزر کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اس کے ایکشن مناظر ہالی ووڈ کے ماہرین کی نگرانی میں فلمائے گئے ہیں۔فلم ’فتح‘ 10 جنوری 2025 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ سونو سود نے انسٹاگرام پر ٹیزر شیئر کرتے ہوئے لکھا:"کردار ایماندار رکھنا، جنازہ شاندار نکلے گا۔"یہ فلم شکتی ساگر پروڈکشنز اور زی اسٹوڈیوز کے بینر تلے بنائی گئی ہے۔