بھارتی اعتراف کے بعد رافیل طیارے کے شیئرز میں زبردست گراوٹ

بھارتی اعتراف کے بعد رافیل طیارے کے شیئرز میں زبردست گراوٹ

پیرس/نئی دہلی: بھارتی فضائیہ کے طیاروں کی تباہی کے بعد رافیل طیارے بنانے والی کمپنی "ڈاسو ایوی ایشن" کے شیئرز میں کمی

بھارتی فضائیہ کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاک فضائیہ کے ہاتھوں بھارتی طیاروں کی تباہی کا بالواسطہ اعتراف سامنے آنے کے بعد رافیل طیارے بنانے والی فرانسیسی کمپنی "ڈاسو ایوی ایشن" کے شیئرز میں 5.59 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، بھارت کی مسلح افواج کی میڈیا بریفنگ میں جب ائیر مارشل اے کے بھارتی سے رافیل طیارے کے گرنے کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا: "نقصانات لڑائی کا حصہ ہوتے ہیں، میں اس سے زیادہ تفصیل نہیں بتا سکتا، اس سے فریق مخالف کو فائدہ ہوتا ہے۔" یہ بالواسطہ اعتراف سمجھا جا رہا ہے جس کے بعد سرمایہ کاروں نے کمپنی کے شیئرز بیچنا شروع کر دیے۔

پچھلے پانچ دنوں میں کمپنی کے شیئرز میں 10.33 فیصد کمی دیکھنے کو ملی ہے، جبکہ اس سے پہلے پانچ دنوں میں ان شیئرز میں 3.4 فیصد اضافہ ہوا تھا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ تباہی رافیل کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتی ہے، جس کا اثر کمپنی کی مارکیٹ ویلیو پر پڑا۔یاد رہے کہ 6 اور 7 مئی کی رات بھارت نے پاکستان کے مختلف مقامات پر حملے کیے، جن کا فوری جواب دیتے ہوئے پاک فضائیہ نے 5 بھارتی جنگی طیارے تباہ کر دیے، جن میں 3 رافیل طیارے بھی شامل تھے۔ اس واقعے کے بعد عالمی دفاعی تجزیہ کاروں اور سرمایہ کاروں کے درمیان رافیل کی کارکردگی پر بحث چھڑ گئی ہے۔