رافیل طیاروں کی تباہی؛ جے ایف 17، جے 10 سی بنانے والی چینی کمپنی کے شیئرز میں اضافہ

رافیل طیاروں کی تباہی؛ جے ایف 17، جے 10 سی بنانے والی چینی کمپنی کے شیئرز میں اضافہ

اسلام آباد: پاک فضائیہ کی جانب سے بھارتی فضائی جارحیت کا مؤثر جواب دیتے ہوئے بھارت کے پانچ جنگی طیارے اور ایک ڈرون مار گرائے جانے کے بعد عالمی دفاعی صنعت کی اسٹاک مارکیٹ میں نمایاں ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، جے ایف 17 تھنڈر اور جے 10 سی جنگی طیارے بنانے والی چینی کمپنی چینگدو ایئر کرافٹ کارپوریشن کے شیئرز میں 18.18 فیصد تک غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کی طرف سے ان طیاروں کے مؤثر استعمال اور دشمن کے جدید جنگی طیاروں کو مار گرانے کی صلاحیت نے ان طیاروں کی عالمی ساکھ کو مزید مضبوط کیا ہے۔دوسری طرف، بھارتی فضائیہ کے زیرِ استعمال جدید ترین رافیل جنگی طیارے پاک فضائیہ کی کارروائی میں تباہ کیے جانے کے بعد ان کے بنانے والی فرانسیسی کمپنی ڈسالٹ ایوی ایشن (Dassault Aviation) کے شیئرز میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ یورپی اسٹاک مارکیٹس میں ڈسالٹ ایوی ایشن کے شیئرز منفی رجحان کا شکار ہو گئے، جسے تجزیہ کار بھارتی فضائیہ کی کارکردگی اور رافیل طیاروں کی "ناکامی" سے جوڑ رہے ہیں۔

یاد رہے کہ بھارتی فوج نے گزشتہ رات اندھیرے میں پاکستان کے چھ مختلف مقامات پر حملے کیے جن میں 26 پاکستانی شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے۔ ان حملوں میں مساجد اور رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس پر پاکستان نے شدید ردعمل دیتے ہوئے بھارت کے تین رافیل، ایک مگ 29، ایک سخوئی طیارہ اور ایک ڈرون کو مار گرایا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد عالمی سطح پر جنگی ٹیکنالوجی کی قابلیت پر نئی بحث شروع ہوگئی ہے، خاص طور پر ترقی پذیر ممالک میں دفاعی خریداری کے فیصلے اب نئے زاویوں سے دیکھے جائیں گے۔