پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باوجود فرانسیسی جنگی طیارہ ساز کمپنی ڈسالٹ ایوی ایشن (Dassault Aviation) کے شیئرز کی قدر میں بہتری نہیں آ سکی۔
آج کی ٹریڈنگ میں ڈسالٹ ایوی ایشن کے شیئرز میں 5.59 فیصد کمی دیکھی گئی، جبکہ گزشتہ پانچ دنوں کے دوران اس میں مجموعی طور پر 10.33 فیصد کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ مالیاتی ماہرین کے مطابق یہ کمی مارکیٹ کے اعتماد میں کمی، جنگی سازوسامان کے مؤثر استعمال پر سوالات، اور علاقائی کشیدگی سے متعلق خدشات کی نشاندہی کرتی ہے۔یاد رہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاکستان نے دفاعی طور پر جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے بھارت کے 5 طیارے اور ڈرونز مار گرائے، جن میں تین رافیل طیارے بھی شامل تھے، جو ڈسالٹ ایوی ایشن کی جانب سے تیار کیے گئے جدید ترین جنگی طیارے سمجھے جاتے ہیں۔
رافیل طیارے بھارت نے فرانس سے بڑی تعداد میں خریدے تھے اور انہیں اپنی فضائی طاقت کا ستون قرار دیتا ہے، تاہم حالیہ تنازع میں ان کی ناکامی نے نہ صرف عسکری حلقوں میں سوالات اٹھا دیے بلکہ اس کے اثرات بین الاقوامی سرمایہ کاری اور دفاعی مارکیٹ پر بھی واضح طور پر محسوس کیے گئے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل قریب میں کمپنی کی ساکھ کو بحال کرنے کے لیے سفارتی اور دفاعی سطح پر مزید وضاحت اور شفافیت درکار ہوگی۔