ویب ڈیسک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 6 اور 7 مئی 2025 کو بھارت کی جانب سے پاکستانی سرحدوں پر کی گئی جارحیت کے جواب میں کامیاب آپریشن "بنیان المرصوص" کے انعقاد پر ہر سال 10 مئی کو "یومِ معرکہ حق" منانے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ دن پورے ملک میں جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا تاکہ پاکستانی عوام اور فوج کی بہادری اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔ اس دن کو ملک بھر میں ملی یکجہتی اور قومی عزم کو اجاگر کرنے کے طور پر منایا جائے گا، کیونکہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں نے پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنایا اور ملک کو غیر ملکی جارحیت سے محفوظ رکھا۔انہوں نے مزید کہا کہ 16 مئی 2025 کو پاکستان کو دفاعی محاذ پر شاندار کامیابی حاصل کرنے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے اور اللہ کے حضور شکرانہ سجدہ بجا لانے کا دن منایا جائے گا۔ اس دن ملک و قوم کی ترقی اور کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔وزیراعظم نے بھارتی جارحیت سے متاثرہ معصوم پاکستانی شہریوں کے لیے امدادی پیکیج کا بھی اعلان کیا۔
ان کے مطابق، "یومِ معرکہ حق" کے موقع پر شہید ہونے والے شہریوں کے ورثا کو ایک کروڑ روپے جبکہ زخمیوں کو 10 لاکھ سے 20 لاکھ روپے تک مالی امداد دی جائے گی۔ علاوہ ازیں، پاک فوج کے شہداء کے ورثا کو رینک کے حساب سے ایک کروڑ سے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے تک مالی امداد دی جائے گی، جب کہ زخمیوں کو 20 لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک کی مدد فراہم کی جائے گی۔مزید برآں، شہداء کے ورثا کو گھر کی سہولت کے لیے رینک کے مطابق 1 کروڑ 90 لاکھ سے 4 کروڑ 20 لاکھ روپے تک دیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ یہ تمام اقدامات ملک کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں کی قدر اور احترام کے طور پر کیے جا رہے ہیں۔اس اقدام کا مقصد نہ صرف پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرنا ہے، بلکہ عوامی سطح پر افواج پاکستان کی قربانیوں کو سراہنا اور انہیں تسلیم کرنا بھی ہے۔