دہشت گردی کیخلاف پرعزم ہیں،فلسطین اور کشمیر میں مظالم اقوام متحدہ کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے
امید ہے عالمی برادری اور تمام دوست ممالک اپنا کردار بھی جاری رکھیں گے:سفیروں کا کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد (آئی این پی )نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے پاکستان عالمی امن اور سکیورٹی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور قیام امن کیلئے پرعزم ہیں،فلسطین اور کشمیر میں جاری مظالم اقوام متحدہ کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے۔اسلام آباد میں سفرا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ فلسطینی مسلمانوں کی منظم نسل کشی، اسرائیل کے جنگی جرائم اور کشمیر میں ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری ہے، دنیا کو ملکر اسے ختم کرنا ہوگا، فلسطین اور کشمیر میں جاری مظالم اقوام متحدہ کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ دنیا کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان عالمی امن اور سکیورٹی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی غیر مستقل رکنیت پاکستان کیلئے اعزاز ہے، اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی جانب سے پاکستان کو سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب کرنے پر شکر گزار ہیں، پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری پر عمل کرنے کیلئے پر عزم ہے۔امید ہے تمام دوست ممالک اور عالمی برادری اس ضمن میں اپنا اپنا کردار بھی جاری رکھیں گے۔