پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اعظم خان سواتی نے پاکستان کے فیصلہ سازوں کو پیغام دیا ہے کہ نفرت کے ماحول کو ختم کر کے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سیاست میں شامل کیا جائے۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سواتی نے کہا کہ عوام اور فیصلہ سازوں کے درمیان خلیج بڑھ چکی ہے اور طاقتور طبقے عوام کی تکلیف کو سمجھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان ایک بڑا لیڈر ہیں اور نوے فیصد لوگ ان کے پیروکار بن چکے ہیں، اس لیے صرف گالم گلوچ اور نعرے لگا کر انہیں رہا نہیں کروایا جا سکتا۔سواتی نے فیصلہ سازوں سے اپیل کی کہ وہ ان باتوں کا نوٹس لیں اور فرم 47 کے نقلی قائدین کی ملک دشمن کاروائیوں کو سمجھیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کارکنوں سے بھی کہا کہ مختلف وی لاگرز کی زبان میں بہادری کا تاثر دینے کی کوشش نہ کریں، بلکہ جوش کے ساتھ عقل کا استعمال کریں۔
قبل ازیں، انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے نو مئی کے جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں اعظم سواتی، جمشید چیمہ اور مسرت چیمہ کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی اور عبوری ضمانت میں 3 اپریل تک توسیع کر دی۔ عدالت نے پراسیکیوشن سے مقدمات کا ریکارڈ اور وکلاء سے دلائل طلب کر لیے۔ملزمان کے خلاف عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر مقدمات درج ہیں۔