نہال ہاشمی گورنر سندھ تعینات،اتحادی ناراض
اعتمادمیں نہیں لیا:ایم کیوایم ،، ڈریں وہ لوگ جن کے سارے راز میں جانتا ہوں ،ملک کی خاطر سیاسی زبان بند رکھوں گا:کامران ٹیسوری ،صدرنیسمری منظور کرلی،وزیراعظم کی مبارکباد،آصف زرداری،شہباز شریف سے نہال ہاشمی کی ملاقات ،سب کو ساتھ لے کر چلنے کا عزم
اسلام آباد، کراچی (بیورو رپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما اور سابق سینیٹر نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔ صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر آئین اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آرٹیکل 48 اور 101 کے تحت گورنر سندھ کے عہدے کے لیے نہال ہاشمی کی تقرری کی سمری کی منظوری دی۔ وفاقی حکومت نے سید نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کر تیہوئے سمری منظوری کے لیے صدر مملکت کو ارسال کی تھی۔ اس فیصلے پر ایم کیو ایم پاکستان نے ناراضی کا اظہارکیا ہے اور کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے گورنر سندھ کی تبدیلی پر اعتماد میں نہیں لیا، پارٹی اس فیصلے پر جلد اپنالائحہ عمل طے کرے گی، جبکہ مرکزی رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ کی تبدیلی کے یکطرفہ فیصلے کے بعد حکومت میں رہنے کا جواز نہیں ہے،ہمیں فی الفور وفاقی حکومت سے باہر آجانا چاہئے۔ سبکدوش گورنر سندھ کامران ٹیسوری کااپنے ردعمل میں کہنا تھا کہ کس نے ہٹایا اور کس کے کہنے پر ہٹایا سب جانتا ہوں، نہال ہاشمی کو مبارکباد دیتا ہوں، ان کو کہتا ہوں آئیں اور جو اقدامات ہم نے کئے ان کو جاری رکھیں۔ تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر گورنر سندھ کے عہدے کے لیے نہال ہاشمی کی تقرری کی سمری کی منظوری دی اور گورنر سندھ کی تقرری کے لیے کمیشن آف اپائنٹمنٹ پر بھی دستخط کر دیے ہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات ہونے پر مبارک باد دی اور ان کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ قبل ازیں وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے نہال ہاشمی کی ملاقات بھی ہوئی جس میں انہیں گورنر سندھ تعیناتی پر مبارکباد دی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار و دیگر بھی موجود تھے۔بعدازاں نامزد گورنر سندھ نہال ہاشمی کراچی پہنچ گئے اور میڈیاسے گفتگومیں کہا کہ وہ اس عہدے پر نامزدگی پر پارٹی کے قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کے مشکور ہیں، ان شا اللہ کراچی سمیت سندھ بھر میں عوامی مسائل کے حل کے لیے کام کریں گے، سب کو ساتھ لے کر چلوں گا، وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ کی مزید مضبوطی کے لیے کام کروں گا، سب سے رابطے میں رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے مجھ پر رحمت کی، صدر پاکستان آصف زرداری کا بھی شکر گزار ہوں، حلف کے بعد ترجیحات طے کروں گا۔نہال ہاشمی گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے سے قبل سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے روبرو حلف اٹھائیں گے۔ان کی بطور گورنر سندھ نامزدگی پر مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنمائوں اور کارکنان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے متعدد رہنما کامران ٹیسوری ،جن کا تعلق ایم کیو ایم پاکستان سے ہے،کو ہٹانے کا مطالبہ کرچکے تھے، پیپلز پارٹی نے حکومت سازی کے وقت کیے گئے معاہدوں کا حوالہ بھی متعدد بار دیا۔ دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمیں گورنر سندھ کی تبدیلی کا علم ذرائع ابلاغ سیہوا ہے،وفاق کی جانب سے ایم کیو ایم پاکستان کو اس فیصلے پراعتماد میں نہیں لیاگیا ، ایم کیو ایم پاکستان اس فیصلے پر جلد اپنالائحہ عمل طے کرے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان مسلم لیگ ن کی حلیف جماعت ہے اور گورنری کا آئینی عہدہ ایم کیو ایم کا حق ہے جس سے محروم کیا جا رہا ہے، روایت رہی ہے کہ سندھ کا گورنر ایم کیو ایم پاکستان سے ہوتا ہے۔ ادھرکراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سبکدوش گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ شہر کے جو بھی مسائل ہیں ان پر میری آواز ایسے ہی بلند ہوتی رہے گی، اگر چھیڑو گے تو چھوڑیں گے نہیں، کوئی بھی ساری زندگی کسی منصب پر نہیں رہتا،میں گونگا،بہرا، یا ڈمی گورنر نہیں تھا اور نہ رہنا چاہتا ہوں، منصب سنبھال کر وعدہ کیا تھا میں اللہ کی رضا کے لیے کام کروں گا۔انہوں نے کہا کہ میں نے بھی ٹی وی پر دیکھا ہے ،نہال ہاشمی کو مبارکباد دیتا ہوں، ان کو کہتا ہوں آئیں اور جو انیشیٹیوز ہم نے شروع کئے ان کو جاری رکھیں، مجھے اس شہر نے بہت محبت دی، تاجر برادری ، علما، اقلیتی برادری سب لوگوں نے مجھے سپورٹ کیا۔گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ سیاست کی بات کریں تو ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے ،خبر سن کر میں دبک کر بیٹھ نہیں گیا، گل پلازہ پر آواز اٹھانے اور کراچی بچائو کانفرنس کی سزا دی گئی تو یہ کام کرتا رہوں گا، ڈریں وہ لوگ جن کے سارے راز میں جانتا ہوں لیکن پاکستان معاشی طور پر مستحکم ہو تو ملک کی خاطر سیاسی زبان بند رکھوں گا۔انہوں نے مزیدکہا کہ اس صوبے اور شہر کے لیے گورنر ہائوس کے اقدامات جاری رہنیچاہئیں ،معذرت چاہتا ہوں اگر کل نئے گورنر آتے ہیں تو میں آپ کی مہمان نوازی نہیں کر پائوں گا۔