سندھ کا نیا گورنر نہال ہاشمی ان‘ٹیسوری آئوٹ‘ایم کیو ایم سیخ پا‘حکومت سے باہر آجانا چاہیے فاروق ستار

 کہہ سکتا ہوں کس نے ہٹوایا لیکن کہوں گا نہیں، گل پلازہ کیلئے آواز اٹھانے پر سزا دی جا رہی ہے :کامران ٹیسوری‘ گورنر کیلئے نامزد گی وزیراعظم اورنوازشریف کی عنایت ہے:نہال ہاشمی 
 ہمیں گورنر سندھ کی تبدیلی کا علم ذرائع ابلاغ سے ہوا ہے، وفاق کی جانب سے ایم کیو ایم کو  اعتماد میں نہیں لیا گیا، ایم کیو ایم  اس فیصلے پر جلد اپنا لائحہ عمل طے کرے گی:فاروق ستار
اسلام آباد‘کراچی(آئی این پی )وفاقی حکومت نے مسلم لیگ ن کے رہنما  سید نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا۔وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے  وزیراعظم شہباز شریف نے سمری منظوری کے لئے صدر پاکستان کو بھجوا دی، وزیر اعظم  سے  نہال ہاشمی  نے  ملاقات  کی  جس میں انہیں گورنر سندھ تعیناتی پر مبارکباد دی گئی۔ ملاقات میں رانا ثنا اللہ، اسحاق ڈار اور دیگر بھی موجود تھے۔خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کے متعدد رہنما کامران ٹسوری کو ہٹانے کا مطالبہ کرچکے ہیں، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ کوئی بھی ساری زندگی کسی منصب پر نہیں رہتا، میں گونگا بہرا یا ڈمی گورنر نہیں تھا نہ رہنا چاہتا ہوں، کہہ سکتا ہوں کس نے ہٹوایا لیکن کہوں گا نہیں۔گورنر ہاوس کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ آج لاہور قلندر کے ساتھ مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے، نوجوانوں کو لاہور قلندر کی ٹیم میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔گورنر کامران ٹیسوری  نے کہا کہ  ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے، یہ خبر سن کر کہیں دبک نہیں گیا میڈیا کا سامنا کیا۔ گورنر ہائوس آکر وعدہ کیا تھا کہ کام کرنا چاہتا ہوں۔ انہوںنے کہا  کہ گل پلازہ کے لیے آواز اٹھانے پر سزا دی جا رہی ہے تو دے دیں، گورنر ہائوس میں شروع ہونے والے کام جاری رہنا چاہئیں، کراچی میں میرا گھر سب کے لیے حاضر ہے‘نئے نامزد گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ سندھ کی گورنرشپ کیلئے نامزد گی وزیراعظم اور قائد پاکستان نوازشریف کی عنایت ہے۔  وزیراعظم کی جانب سے نئے نامزد گورنر سندھ نہال ہاشمی کراچی پہنچ گئے جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کی۔   نہال ہاشمی  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا  کہ اللہ نے  مجھ پر رحمت کی، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور قائد پاکستان نوازشریف کی عنایت ہے، انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان آصف زرداری کا شکر گزار ہوں۔  نہال ہاشمی کا مزید کہنا تھا کہ  حلف کے بعد ترجیحات طے کروں گا۔ متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے رہنما فاروق ستار  نے کہاہے کہ ہمیں فی الفور وفاقی حکومت سے باہر آجانا چاہیے۔گورنر سندھ کی تبدیلی پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان مسلم لیگ ن کی حلیف جماعت ہے۔ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا ہے کہ روایت رہی ہے کہ سندھ کا گورنر ایم کیو ایم پاکستان کا ہوتا ہے۔ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ پارٹی کو ایسے یکطرفہ فیصلے کے بعد حکومت میں رہنے کا کوئی جواز نہیں۔قبل ازیں ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ ہمیں گورنر سندھ کی تبدیلی کا علم ذرائع ابلاغ سے ہوا ہے، وفاق کی جانب سے ایم کیو ایم پاکستان کو اس فیصلے پر اعتماد میں نہیں لیا گیا، ایم کیو ایم پاکستان اس فیصلے پر جلد اپنا لائحہ عمل طے کرے گی